عمران اشرف کی بہن کا دعویٰ کرنے والی خاتون کون؟ نام سامنے آگیا

سچ ٹی وی  |  Jan 22, 2025

مقبول اداکار و ٹی وی میزبان عمران اشرف کی بہن کا دعویٰ کرنے والی خاتون سامنے آگئیں۔

شازیہ اشرف اعوان نامی خاتون نے یوٹیوب چینل سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ عمران اشرف کی بڑی بہن ہیں اور ان کی دعاؤں کے بعد ہی خدا نے انہیں بھائی عطا کیا تھا۔

خاتون نے بتایا کہ ان کا اور عمران اشرف کا اصل تعلق ضلع سیالکوٹ کے نواحی شہر رتووال سے ہے جب کہ ان کے ایک چھوٹے بھائی علی عباس فوت ہوچکے ہیں۔

خاتون کے مطابق ان کی اور عمران اشرف کی پیدائش پشاور میں ہوئی، تاہم ان کے آباؤ و اجداد کا تعلق سیال کوٹ سے ہے۔

انہوں نے عمران اشرف کی محنت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی سخت محنت کی وجہ سے مقام بنایا لیکن اداکار کی کامیابی کے پیچھے ان کی دعاؤں کا بھی ہاتھ ہے اور اب اداکار انہیں بھلا چکے ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ان کے والد کا نام محمد اشرف اعوان جب کہ والدہ کا نام زہرہ بی بی ہے، ان کے والد نجی بینک کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ تین بہنیں ہیں، جس میں سے ان کی ایک بہن اسپین میں مقیم ہیں جب کہ دوسری لاہور کے علاقے رضوان گارڈن میں رہائش پذیر ہیں، جن کے شوہر جج ہیں، تیسری وہ خود ہیں۔

خاتون کا کہنا تھا کہ عمران اشرف نے سوشل میڈیا پر اگر کسی بہن کی شادی کی تصاویر شیئر کی ہیں تو وہ ان کی منہ بولی بہن ہوگی، اداکار کی صرف تین سگی بہنیں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دو بھائی اور تین بہنیں ہیں، دو والدین ہیں اور عمران اشرف کا ایک سوتیلا بھائی عباس اشرف بھی ہے، تاہم انہوں نے ٹی وی میزبان کے سوتیلے بھائی سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

شازیہ اشرف اعوان نامی خاتون نے مطالبہ کیا کہ ان کے بھائی عمران اشرف انہیں تسلیم کریں اور انہیں ان کا حق اور عزت دیں۔

دوسری جانب عمران اشرف نے تاحال خاتون کے دعووں پر کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم ایکسپریس ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ ٹی وی میزبان نے چینل سے بات کرتے ہوئے خاتون کے دعووں کو مسترد کردیا اور کہا کہ خاتون ان کی بہن نہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More