سیاہ فام شخص کا قتل، ٹرمپ کا سزایافتہ دو پولیس افسران کی معافی کا اعلان

اردو نیوز  |  Jan 23, 2025

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک 20 سالہ سیاہ فام شخص کے قتل میں سزا یافتہ دو پولیس افسران کو معافی دے دی ہے۔

سی این این کے مطابق، اکتوبر 2020 میں میٹروپولٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران ٹیرنس سوٹن جونیئر اور اینڈریو زیباسکی نے سیاہ فام کارون ہلٹن براؤن کو بغیر ہیلمٹ کے سکوٹر چلاتے ہوئے دیکھا اور تیز رفتاری کے ساتھ ان کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں وہ ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئے اور موقع پر دم توڑ گئے۔

ستمبر 2024 میں ٹیرنس سوٹن جونیئر کو 66 ماہ جبکہ اینڈریو زِباسکی کو 48 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

تفتیش کاروں کے مطابق پولیس افسران نے واقعے کو چھپایا، اپنے باڈی کیمرے بند کیے اور جائے وقوعہ سے ثبوت ہٹانے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے اپنے کمانڈنگ افسران کو واقعے کی نوعیت کے بارے میں غلط معلومات فراہم کیں۔

ڈی سی پولیس یونین نے ٹرمپ سے دونوں پولیس افسران کے لیے معافی کی درخواست دی تھی۔ ان کے وکلا نے بھی انتظامیہ سے معافی کی اپیل کی تھی۔

اینڈریو زِباسکی کے وکیل کرسٹوفر زیمپوگنا نے سزا ختم ہونے پر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم صدر ٹرمپ کے مشکور ہیں۔‘

ٹیرنس سوٹن جونیئر نے سی این این کو بتایا کہ ’میں محکمہ پولیس میں واپس جانا چاہتا ہوں اور کیریئر مکمل کرنا چاہتا ہوں۔‘

21 جنوری کو حلف اٹھانے کے چند گھنٹوں بعد ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیپیٹل ہل پر حملے میں ملوث 1500 سے زیادہ افراد کے لیے معافی کا اعلان کیا تھا۔

معافی کے اعلان کے تحت امریکی اٹارنی جنرل کو چھ جنوری کے فسادات سے متعلق تمام زیر التوا کیسز کو ختم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے معافی کے اعلان کے بعد پراؤڈ بوائز کے سابق چیئرمین کو رہا کر دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)ہلٹن براؤن کی موت اور افسران کی جانب سے واقعے کو چھپانے کے بعد واشنگٹن میں پُرتشدد مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔

ہلٹن براؤن کی والدہ کیرن ہلٹن نے معافی کے اعلان سے قبل سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس افسران کو معافی دینے پر حیران ہیں۔

انہوں نے روتے ہوئے کہا کہ ’ان قاتلوں کو معاف نہ کریں۔ میں نے ٹرمپ کو ایک خط بھیجا ہے۔ میں ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ انہیں معاف نہ کریں۔‘

امریکہ کی سب سے بڑی پولیس یونین فریٹنرل آرڈر آف پولیس اور انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ انہیں پولیس افسران کو معاف کیے جانے پر مایوسی ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More