معروف اداکارہ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

سچ ٹی وی  |  Jan 29, 2025

3 دہائیوں سے بھارتی فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئیں اور ان کے ہاتھ میں فریکچر ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ارچنا پورن سنگھ نے منگل کو یوٹیوب پر اپنے ایک وی لاگ میں شوٹنگ کے دوران زخمی ہونے کی تفصیلات شیئر کیں اور تھوڑی جھلکیاں انسٹاگرام پر بھی جاری کیں۔

ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ وہ گزشتہ دنوں اداکار راج کمار راؤ کے ساتھ اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر زخمی ہوئیں اور ان کی کلائی ٹوٹ گئی۔ جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔

وی لاگ میں دیکھا گیا کہ ارچنا شوٹنگ کے دوران سیٹ پر گر کر زخمی ہوئیں اور ان کی چیخیں سنائی دیں۔ ان کی ٹیم کے ارکان فوراً ان کی مدد کے لیے جمع ہوئے اور انہیں اسپتال پہنچایا اور ان کے شوہر پرمیت سیٹھی کو واقعے کی اطلاع دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال میں داخل ہونے کے بعد ارچنا کے بیٹے آیوشمان سیٹھی نے اپنے بھائی آریامان سیٹھی کو ان کی سرجری کی اطلاع دی، جس پر آریامان اپنی والدہ کی خیریت کے بارے میں فکر مند ہو کر رونے لگے۔

وی لاگ میں ارچنا نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کے پہلے دن اپنے خاندان کے افراد کو ان کی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دی، کیونکہ وہ اس حادثے اور چوٹ کے باعث بہت پریشان تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے راج کمار کو فون کیا اور بتایا کہ شوٹنگ رکنے کی وجہ سے میں بہت پریشان ہوں۔

وی لاگ کے آخر میں ارچنا کو اسپتال سے ڈسچارج ہوتے اور اپنے شوہر اور بچوں سے ملتے ہوئے دکھایا گیا۔

ارچنا نے کہا کہ آپ کو لگ رہا ہوگا کہ میں ٹھیک ہوں، لیکن میری ایک بڑی سرجری ہوئی ہے۔ میں واپس جا رہی ہوں تاکہ شوٹنگ مکمل کر سکوں، میں مکمل آستین والے کپڑے پہنوں گی، ایسے شوٹ کریں گے کہ کسی کو معلوم نہیں ہوگا کہ میں زخمی ہوں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More