وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد رہی، گزشتہ سال 28.8 فیصد تھی۔
وزارت خزانہ کے مطابق دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو 80 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ شرح تبادلہ کے استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور بہتر سپلائی نے مہنگائی کم کرنے میں مدد دی۔
غیر قانونی فارن ایکسچینج کمپنیوں، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں، وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 23 جنوری 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے میں ایس پی آئی sensitive price index میں 0.77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، 51 اشیاء میں سے 12 کی قیمتوں میں کمی، 14 کی قیمتوں میں اضافہ، 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
لاہور میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی ہو گئی
ای سی سی نے نومبر میں دالوں اور مرغی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر نوٹس لیا، حکومتی اقدامات کے بعد دال چنا کی قیمت میں 52.5 روپے، دال ماش میں 37.4 روپے فی کلو کمی ہوئی۔
چھ ماہ کے دوران مرغی کی قیمت میں 20.1 روپے فی کلو کمی، آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 1022.2 روپے کی کمی ہوئی۔گزشتہ چار ہفتوں میں ٹماٹر، آلو، دالوں، انڈوں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ادارہ شماریات کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، حکومتی پالیسی اقدامات، انتظامی تدابیر اور ریلیف اقدامات مہنگائی کے دباؤ کو موثر طریقے سے قابو میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوئے۔