ریلوے ٹکٹ کلکٹر جس نے ’کوہلی، کوہلی‘ کی گونج خاموشی میں بدل دی

بی بی سی اردو  |  Feb 01, 2025

انڈیا میں انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں پر مبنی ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے لیکن بات گھریلو کرکٹ رنجی ٹرافی پر ہو رہی ہے۔ تو آپ سوچیں گے کہ آخر ایسی کیا بات ہے۔

گذشتہ دنوں روہت شرما نے ایک عرصے کے بعد ممبئی کی جانب سے رنجی ٹرافی میں واپسی کی تھی تو جمعرات کو وراٹ کوہلی دہلی کی طرف سے ریلویز کے خلاف ارون جیٹلی سٹیڈیم میں کیا پہنچے کہ سٹیڈیم کسی انٹرنیشنل میچ کی طرح کھچا کھچ بھر گیا۔

یہ جہاں وراٹ کوہلی کی مقبولیت کا اشاریہ تھا وہیں گھریلو کرکٹ کی اہمیت کا غماز بھی۔

اگرچہ سوشل میڈیا پلیٹفارم پر وراٹ کوہلی ٹرینڈ کر رہے ہیں لیکن جمعے کے روز کوہلی کے مداحوں کے جوش و خروش پر ریلویز کے بولر ہمانشو سانگوان بجلی بن کر گرے۔

30 جنوری کو شروع ہونے والے میچ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں شائقین پہنچے تھے اور اتنی بھیڑ شاید اس سے قبل کسی رانجی ٹرافی کے گروپ میچ میں نہ دیکھی گئی ہو۔ لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی سٹیڈیم پھر سے خالی ہو گيا۔

اس کی وجہ انڈیا کے مایہ ناز بیٹسمین وراٹ کوہلی تھے جو پورے 12 سال بعد گھریلو کرکٹ میں واپسی کر رہے تھے۔

دہلی نے ٹاس جیت کر ریلویز کو بیٹنگ کی دعوت دی اور پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر ریلویز 241 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جبکہ دلی نے دس اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 41 رنز بنا لیے تھے۔

دوسرے دن کوہلی کو کھیلتا دیکھنے کے لیے صبح سے ہی سٹیڈیم کے باہر کرکٹ اور کوہلی کے پرستاروں کی لمبی قطار لگی تھی۔ اگر چہ گھریلو کرکٹ کے تمام میچز کے لیے عام طور پر مفت داخلہ ہوتا ہے تاہم اس قدر بھیڑ جمع نہیں ہوتی ہے۔

کوہلی کوہلی کا نعرۂ مستانہ

بہر حال سٹیڈیم میں موجود تماشائی 'کوہلی کوہلی' اور 'آر سی بی، آر سی بی' کے نعرے لگا رہے تھے۔ کوہلی آئی پی ایل کی ٹیم رایل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہ نعرے اسی تعلق سے لگائے جا رہے تھے۔

لیکن دوسرے دن پہلا وکٹ گرنے میں جب تاخیر ہونے لگی تو مداح ریلویز کی وکٹ لینے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے لگے۔

بہر حال 24ویں اوور میں نائٹ واچ مین یش دھل جب 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو شائقین کا شور اپنی بلندیوں پر تھا اور اسی شور کے دوران وہاں موجود بیشتر کرکٹ پرستاروں کے پسندیدہ کھلاڑی وراٹ کوہلی بیٹنگ کرنے کے لیے میدان میں اترے۔

ابھی انھوں نے دو ہی رنز بنائے تھے کہ میدان پر ڈرنکس آ گئی اور پھر جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو ریلویز کے پیس بولر سانگوان کوہلی کے سامنے تھے۔

کوہلی کے جانشین سمجھے جانے والے کرکٹر جن کا کیریئر ’آئی پی ایل سے ملی شہرت، پیسے‘ کی نذر ہوگیاکوہلی کو نوجوان آسٹریلوی بلے باز کو ’ٹکر‘ مارنے پر جرمانہ: ’وراٹ 19 سالہ نوجوان کو تو چھوڑ دیتے‘وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی خراب فارم: ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا پر انڈیا کا راج کیسے زوال میں بدلا؟دورہ آسٹریلیا کے دوران روہت اور کوہلی شائقین کرکٹ کے نشانے پر کیوں؟چوکے کے بعد بولڈ

کوہلی نے 28ویں اوور کی تیسری گیند پر خوبصورت سٹریٹ ڈرائیو لگائی اور تماشائیوں سے داد حاصل کی۔ اس چوکے نے تماشائیوں میں جوش بھر دیا اور اگلی گیند بھی اسی طرح گڈ لینتھ پر آف سٹمپ پر گری اور کوہلی نے اسے پھر اپنے اسی انداز میں ڈرائیو کرنے کی کوشش کی، گیند ذرا اندر کی جانب آئی، کوہلی نے لائن کو مس کیا اور گیند ان کا آف سٹمپ لے اڑی، سٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔

دوسری جانب سانگوان انتہائی شدت کے ساتھ اس کا جشن مناتے دیکھے گئے جیسے انھوں نے نہ صرف پچھلی گیند پر لگائے چوکے کا بدلہ لیا ہو بلکہ اپنا کوئی دیرینہ خواب بھی پورا کیا ہو۔ کوہلی 15 گیندوں پر محض چھ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اب مداح یہی دعا کر رہے ہوں گے کہ ریلویز دلی کی ٹیم کو جلدی سے آوٹ کرے اور اتنا بڑا سکور کرے کہ انھیں کوہلی کو دوبارہ کھیلتا دیکھنے کام موقع ملے سکے۔

سانگوان کون ہیں؟

29 سالہ سانگوان نے 2019 میں اترپردیش کے خلاف اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز کیا۔ وہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں۔

دہلی سے ملحق ریاست ہریانہ میں پیدا ہونے والے اور دہلی کے نجف گڑھ کے رہائیشی سانگوان کو دہلی کی ٹیم میں مستقل جگہ نہیں مل سکی لیکن ان کے کھیل کی وجہ سے ریلویز میں انھیں ملازمت ملی جہاں وہ سینیئر ٹکٹ کلکٹر ہیں۔

سانگوان نے کوہلی کے وکٹ کے متعلق دن کے کھیل کے بعد کہا: 'ہمارے پاس کوہلی کے لیے کوئی خاص منصوبہ نہیں تھا۔ چونکہ دہلی کے تمام بلے باز جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں، اس لیے ہمارا منصوبہ چینل میں بولنگ کرنے کا تھا۔ اگر آپ کسی جارحانہ بلے باز کو رنز نہیں دیں گے تو وہ بڑا شاٹ آزما کر آؤٹ ہو جائے گا۔ شاید ان کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا۔'

کوہلی کا وکٹ لینے کے بعد اپنے ردعمل کے بارے میں بات کرتے ہوئے سانگوان نے کہا: 'یہ میرے جشن کا فطری انداز ہے۔ اگر آپ نے مجھے پہلے کھیلتے ہوئے دیکھا ہے تو میں ہمیشہ اپنی وکٹ کا اسی طرح جشن مناتا ہوں۔ میں نے کچھ مختلف نہیں کیا۔'

ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق ہمانشو سانگوان نے عام انڈین کرکٹرز کی طرح بچپن سے ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دیا تھا اور سنہ 2008 میں جب کوہلی کی ٹیم انڈر-19 میں ورلڈ کپ کی فاتح ہوئی تھی تو وہ فاسٹ بولر پردیپ سانگوان سے بہت متاثر ہوئے تھے اور ایک ہی سر نیم کی وجہ سے وہ ان کی طرح فاسٹ بولر بننے کا خواب دیکھنے لگے۔

انھیں ایک بار دہلی کی انڈر 19 ٹیم میں جگہ ملی لیکن پھر اس کے بعد انھیں منتخب نہیں کیا گیا تو انھوں نے اپنی آبائی ریاست ہریانہ سے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن اس ٹیم کی رنجی میں بھی جگہ نہیں بنا سکے۔ اسی دوران کھیل کے کوٹے پر انھیں ریلویز میں ملازمت ملی اور وہ اس کی جانب سے ٹیم کا مستقل حصہ بن گئے۔

سوشل میڈیا پر کوہلی کی گونج

اگرچہ کوہلی صرف چھ رنز بنا کر پرستاروں کو تشنہ کام چھوڑ دیا لیکن وہ سوشل میڈیا پلیٹفارم ایکس کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں۔

ایک صارف نے کوہلی کی تصویر ڈال کر لکھا: 'یہ شخص آیا اور ایک مردہ میچ کو زندہ کر دیا۔'

ایک دوسرے صارف نے کوہلی کی ایک کلپ ڈال کر لکھا: 'بھائی 16 ہزار لوگوں کو صرف اپنے ہاتھ ہلا کر ہینڈل کر رہا ہے۔'

اٹز کیپٹین نامی ایک صارف نے لکھا کہ 'بی سی سی آئی نے روہت اور کوہلی کو رانجی کھیلنے کا کہہ کر یہ ثابت کر دیا کہ مداحوں کے معاملے میں کوہلی کے سامنے روہت کچھ نہیں۔ کوہلی کے لیے امڈی آج کی بھیڑ یہی کچھ کہہ رہی ہے۔ روہت کی سالوں کی پی آر کوشش ایک ہی پل میں چلی گئی۔'

وان موہنیو نامی ایک صارف نے وراٹ کی کریز پر آمد کی کلپ ڈال کر لکھا: 'بادشاہ اپنی ریاست میں۔ پانچ لاکھ لوگ ان کی آمد کے منتظر، پانچ لاکھ لوگ گھریلو کرکٹ دیکھنے کے لیے۔'

ایک صارف نے لکھا کہ کوہلی کو دیکھنے کے لیے 50 ہزار کی بھیڑ امڈ آئی۔ یہ ایم ایس دھونی کے لیے ایک خواب ہی ہو سکتا ہے۔ کوئی انھیں سی ایس کے کے باہر نہیں جانتا ہے جبکہ وراٹ کوہلی کو دنیا بھر میں چاہا جاتا ہے۔'

ایک صاف نے پیٹ کمنز کی تصویر ڈال کر لکھا: 'ہمانشو سانگوان بھی سیکھ گیا بھیڑ کو خاموش کرنا۔'

سانگوان نے اب تک 23 فرسٹ کلاس میچز میں ریلویز کی نمائندگی کی ہے اور 20 رنز سے بھی کم اوسط سے 77 وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ قابل ذکر کارکردگی ہے لیکن انھیں انڈیا کی پریمیئر لیگ میں ابھی تک جگہ نہیں ملی ہے۔ شاید کوہلی کا وکٹ کسی آئی پی ایل ٹیم کو ان کی جانب متوجہ کرنے کا باعث ہو۔

دورہ آسٹریلیا کے دوران روہت اور کوہلی شائقین کرکٹ کے نشانے پر کیوں؟کوہلی کی 49 سنچریوں کا ریکارڈ: جب سچن تندولکر نے خود کہا کہ ویراٹ ان کا ریکارڈ توڑیں گے وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان: ’وہ اس شاندار الوداع کے مستحق ہیں‘کوہلی کے سٹرائیک ریٹ پر گاوسکر کی تنقید مگر وسیم اکرم کا دفاع: ’باہر کے شور کی پرواہ نہیں تو جواب کیوں دیا؟کوہلی کے جانشین سمجھے جانے والے کرکٹر جن کا کیریئر ’آئی پی ایل سے ملی شہرت، پیسے‘ کی نذر ہوگیاکوہلی کو نوجوان آسٹریلوی بلے باز کو ’ٹکر‘ مارنے پر جرمانہ: ’وراٹ 19 سالہ نوجوان کو تو چھوڑ دیتے‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More