کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے متنازعہ پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں متنازعہ پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس شفیع صدیقی نے کہا کہ 2 ہفتوں میں پیکا ایکٹ سے متعلق نکات کا جواب جمع کرائیں۔
جسٹس شفیع صدیقی نے سندھ ہائی کورٹ کے وکیل سے استفسار کیا کہ پیکا قانون میں کیا برائی نظر آتی ہے؟ اگر کوئی غلط خبر چلاتا ہے تو کیا اسے سزا نہیں ہونی چاہیے؟
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تمام فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے۔ بلکہ کچھ اتھارٹیز کو بھی کرنے ہوتے ہیں۔ آپ کو اتھارٹیز کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا بھی حق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ میں سویلینز کا ملٹری ٹرائل کیس، وکلا کی غیر حاضری، عدالت برہم
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر یہ بنیادی حقوق کا معاملہ ہے تو اس کی سماعت آئینی بینچ میں ہونی چاہیے۔ تاہم نوٹس جاری کرتے ہیں اور توقع ہے کہ وکلا تیاری کے ساتھ پیش ہوں گے۔
عدالت نے متنازعہ پیکا ایکٹ کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کر دیا۔