ایپل کی جانب سے اس سال کا سستا ترین آئی فون 19 فروری کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
ایپل کے آئی فون ایس ای 4 کے حوالے سے کافی عرصے سے لیکس اور افواہیں سامنے آرہی ہیں۔
ایپل کی جانب سے باضابطہ طور پر تو اس کا اعلان نہیں کیا گیا مگر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ 'صارفین ہماری فیملی کے نئے رکن سے ملنے کے لیے تیار ہوجائیں'۔
فیملی سے ان کی مراد ایپل کی تیار کردہ ڈیوائسز ہے، بظاہر تو انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ کمپنی کی جانب سے کیا متعارف کرایا جا رہا ہے، مگر یہ ضرور بتایا کہ 19 فروری کو اس کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں یہ بات پہلے ہی سامنے آچکی تھی کہ ایپل کی جانب سے فروری میں آئی فون ایس ای 4 متعارف کرایا جائے گا۔
اب ٹم کک کی جانب سے ایپل لانچ کے اعلان کے بعد واضح ہے کہ 19 فروری کو آئی فون ایس ای 4 پیش کیا جائے گا جس کے ساتھ ائیر ٹیگ 2 بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل مختلف لیکس سے عندیہ ملا ہے کہ آئی فون ایس ای 4 کا ڈیزائن اس سیریز کے دیگر فونز کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوگا۔
پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز کے کسی فون میں ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا اور آئی فون 14 جیسے فل اسکرین ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔
فیس آئی ڈی کے لیے فرنٹ کیمرے کو نوچ ڈیزائن میں چھپایا جائے گا۔
مختلف افواہوں کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا۔
فون کے اندر اے 18 چپ موجود ہوگی جو ایپل کی جانب سے گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 16 پلس میں استعمال کی گئی۔
مختلف لیکس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 میں بیک پر 48 میگا پکسل کیمرا دیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرا موجود ہوگا۔
پہلی بار آئی فون ایس ای سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ صارفین کو دستیاب ہوگی جبکہ ایپل کی جانب سے پہلی بار خود تیار کیے گئے موڈیم کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، مگر اس حوالے مصدقہ طور پر کچھ کہنا مشکل ہے۔
واضح رہے کہ ایپل نے پہلا آئی فون ایس ای 2016 میں متعارف کرایا تھا اور اس موقع پر کہا تھا کہ یہ ایک ایسا سستا آئی فون ہے جس میں مہنگے ماڈلز جیسے فیچرز موجود ہیں۔