پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ افغانستان کے سپن بولر راشد خان پاکستان کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم سے بڑے یعنی بہتر کھلاڑی ہیں۔
راشد لطیف نے اِن خیالات کا اظہار نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے شو ہنسنا منع ہے میں کیا۔
راشد لطیف نے راشد خان کے بارے میں کہا کہ انہوں نے افغانستان کو پہچان دی ہے۔
ہنسنا منع ہے میں جب میزبان تابش ہاشمی نے راشد لطیف کو راشد خان کی تصویر دکھائی، سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ ’افغانستان کو پہچان راشد خان نے دی ہے۔‘
اس دوران تابش ہاشمی نے کہا کہ ’یہ ان (یعنی افغانستان) کے وسیم اکرم ہیں۔‘
اس کے جواب میں سابق کرکٹر نے کہا کہ ’نہیں، ان سے بھی آگے کے ہیں۔ معذرت کے ساتھ راشد خان بہت آگے ہیں۔‘
انہوں نے راشد خان کو مزید مشورہ دیا کہ وہ ٹیسٹ ٹیم کو بہتر کریں اور پاکستان سے جتنا کھیل سکتے ہیں ٹیسٹ کرکٹ اتنا کھیلیں۔
26 برس کے لیگ سپنر کو افغانستان کرکٹ کا سب سے بڑا سپرسٹار تصور کیا جاتا ہے۔
وہ اپنی قومی ٹیم کے علاؤہ دنیا بھر کی ٹی20 لیگز کی ٹیموں کا حصہ بنتے ہیں۔
راشد خان افغانستان کے لیے چھ ٹیسٹ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 45 وکٹیں لے رکھی ہیں۔
اسی طرح ون ڈے اور ٹی20 فارمیٹ میں انہوں نے افغانستان کی بالترتیب 111 اور 96 میچوں میں نمائندگی کی ہے جس میں انہوں نے 198 اور 161 وکٹیں حاصل کیں۔
راشد خان انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرتے ہیں۔
اس ٹیم سے قبل وہ سن رائزرز حیدرآباد کا حصہ تھے۔
انہوں نے اب تک آئی پی ایل میں 121 میچز کھیل رکھے ہیں جن میں انہوں نے 149 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔