آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ مدِمقابل ہیں۔
کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
نیوزی لینڈ نے 31 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے ہیں۔
اوپنر وِل ینگ نے نصف سینچری سکور کر لی ہے۔
میچ کے ابتدائی اوور میں پاکستان ٹیم کے اوپنر بیٹر فخر زمان فیلڈنگ کے دوران بظاہر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان کے پھٹوں میں کھچاؤ کا طبعی معائنہ کیا جا رہاہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگزنیوزی لینڈ نے پاکستان کی دعوت پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو وِل ینگ اور ڈیوون کونوے کریز پر اترے۔ پہلے آٹھ اوورز تک دونوں بیٹرز نے بغیر کسی نقصان کے 39 رنز بنائے۔ٹیم نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب آٹھویں اوور کی تیسری گیند پر ڈیوون کونوے 10 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔ون ڈاؤن آنے والے کین ولیمسن بھی کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ وہ صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 17ویں اوور کی دوسری گیند پر ڈیرل مچل کی صوررت میں اس وقت گری جب ٹیم کے مجموعی سکور 73 تھے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 118 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 118 میں سے 61 میچوں میں شکست دی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری افتتاحی میچ کے مہمان خصوصی تھے (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 118 میں سے 53 میچوں میں ہرایا جبکہ تین میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے اور ایک میچ برابر رہا۔
دونوں ٹیمیں اب تک چیمپئنز ٹرافی ایونٹ میں تین مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں تینوں مرتبہ کیویز کو جیت حاصل ہوئی۔
پاکستان کی قیادت محمد رضوان جبکہ نیوزی لینڈ کی کپتانی مچل سینٹنر کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان 1996 میں 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار آئی سی سی کے کسی بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور وہ اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔
پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ فائنل میں اس نے روایتی حریف انڈیا کو 180 رنز سے ہرایا تھا۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں ون ڈے کرکٹ میں 118 مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
فخر زمان نے شاندار سینچری کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ حسن علی مجموعی طور پر 13 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں فخر زمان، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر، کپتان)، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں وِل ینگ، ڈیوون کونوے، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، نیتھن سمتھ، میٹ ہینری اور وِل او رُورک شامل ہیں۔