انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے میگا ایونٹ چیپمئنز ٹرافی کے سب سے بڑے مقابلے کے لیے دبئی میں میدان سج گیا، پاکستان کی بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جو پہلے ہوا وہ ماضی بن چکا، ہم آج اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔
محمد رضوان نے مزید کہاکہ دبئی کے میدان پر ہمارا ریکارڈ بہت اچھا ہے، کھلاڑی دبئی کی کنڈیشن سے اچھی طرح سے واقف ہیں، میچ جیت کر ٹورنامنٹ میں کم بیک کریں گے، انہوں نے بتایا کہ انجری کا شکار فخر زمان کی جگہ امام الحق ٹیم میں شامل ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، بنگلہ دیش کے خلاف ہدف حاصل کرنا آسان نہیں تھا، پاکستان کے خلاف ہرشعبے میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستانی پلیئنگ الیون
بھارت کے خلاف اہم ترین میچ میں پاکستان ٹیم اوپنر امام الحق، بابراعظم، سعود شکیل، کپتان محمد رضوان، طیب طاہر، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
بھارتی پلیئنگ الیون
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شھبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ایئر، اکشر پٹیل، کے ایل راہول، ہردک پانڈیا، روندرا جدیجہ، ہرشت رانا، محمد شامی اور کلدیپ یاودیو شامل ہیں۔
مجھے لگتا ہے پاکستان یہ میچ ضرور جیتے گا، محسن نقوی
قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان یہ میچ ضرور جیتے گا، قومی کرکٹ ٹیم پوری طرح تیار اور فارم میں ہے، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان جیت جائے یہی بڑا انعام ہے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے آج بھارت کو لازمی شکست دینا ہوگی، میچ میں جیت یقینی بنانے کے لیے رضوان الیون نے گزشتہ روز بھرپور تیاریاں کیں اور آپشنل ٹریننگ سیشن میں بھی حصہ لیا۔
تاہم بابر اعظم کی طبیعت ناساز ہوگئی، زکام کے باعث آنکھوں سے پانی بہنے لگا، آپشنل ٹریننگ کا حصہ بھی نہ بن سکے، ذرائع کے مطابق دوا لینے کے بعد بابراعظم کی طبعیت پہلے سے بہتر ہوگئی ہے۔
ہیڈکوچ عاقب جاوید نے میچ کا دباؤ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پریشر نہ ہو تو پاک بھارت میچ کی خوبصورتی ختم ہوجائے گی، سارے شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیں پھر بھی پاک بھارت میچ کا دباؤ رہے گا۔
ہیڈ کوچ نے پریس کانفرنس میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز کو میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سے کافی امیدیں ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف موقع ہے، کھلاڑی نام کماسکتے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالرز شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے پاکستان اور بھارت کے میچ کو سب سے بڑا مقابلہ قرار دے دیا۔
چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کا پلڑا بھاری
ریکارڈز کی بات کی جائے تو چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو بھارت پر سبقت حاصل ہے، چیمپئنز ٹرافی میں دونوں ٹیمیں اب تک 5 مرتبہ مدمقابل آئی ہیں جن میں 3 میچ پاکستان اور 2 بھارت جیتا ہے۔
روایتی حریفوں کے درمیان دبئی میں اب تک 2 ون ڈے میچز کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں میں بھارت ہی کامیاب رہا، دونوں ون ڈے 2018 میں کھیلے گئے تھے جبکہ 3 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2 پاکستان اور ایک بھارت کے نام رہا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیموں کی مجوعی کارکردگی کی بات کی جائے تو پاکستان نے دبئی میں اب تک 22 ون ڈے کھیلے ہیں اور صرف 8 ہی کامیابی حاصل کرسکا ہے جبکہ بھارت اب تک اس گراونڈ پر ون ڈے کرکٹ میں ناقابل شکست ہے۔