باس کا واٹس ایپ میسج، انڈین کمپنی 2 کروڑ کے نقصان سے کیسے بچی؟

اردو نیوز  |  Mar 15, 2025

’اس اکاؤنٹ میں ایک کروڑ 95 لاکھ بھیجیں‘، یہ وہ میسج تھا جو فراڈ سے بال بال بچنے والے انڈیا کے شہر حیدر آباد کی ایک کمپنی کے اکاؤنٹ آفیسر کو موصول ہوا۔

یہ پیغام بظاہر کمپنی کے چیئرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے اکاؤنٹ آفیسر کو موصول ہوا تھا اور اس موٹی رقم کی مانگ ایک نئے پراجیکٹ کے آغاز کے لیے کی گئی تھی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق مانگی گئی رقم ایک کروڑ 95 لاکھ انڈین روپے فوراً ٹرانسفر کر دیے گئے کیونکہ اس واٹس ایپ میسج پر شک کی کوئی گنجائش نہیں تھی۔

کمپنی کے ایم ڈی کی جانب سے موصول ہونے والا یہ واٹس ایپ میسج دراصل ایک جعلساز کی جانب سے بھیجا گیا تھا جس نے ایم ڈی کا فوٹو اور دوسری تفصیلات کو استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دے کر تقریباً 2 کروڑ روپے ٹرانسفر کروائے تھے۔

اس عمل کے فوری بعد ہی کمپنی کے ایم ڈی کو اس جعلسازی کا علم ہو گیا اور فراڈیوں کو بھیجے گئے پیسے بچا لیے گئے۔

ہوا کچھ یوں کہ ٹرانزیکشن مکمل ہونے کے بعد دوپہر ایک بجے اصلی ایم ڈی کو بینک کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن موصول ہوا۔

چونکہ ایم ڈی کو اس ٹرانزیکشن کا کوئی علم نہیں تھا، اس وجہ سے وہ فوراً فکر مند ہو گئے اور اپنے اکاؤنٹس آفیسر سے رابطہ کیا۔

رابطہ کرنے پر ایم ڈی کو ساری کہانی کا علم ہوا۔

یوں ایم ڈی نے بینک کو فوراً تصدیق کی کہ انہوں نے پیسوں کی منتقلی کی ایسی کوئی درخواست نہیں کی۔

اس کے بعد کمپنی نے فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل (این سی آر پی) پر شکایت درج کرائی۔

این سی آر پی نے کارروائی کرتے ہوئے ٹرانزیکشن کی تصدیق کی اور رقم کا سراغ لگانے کی کوشش شروع کی۔

کچھ تفصیلات کی کمی کے باعث ابتدائی مراحل میں مشکلات آئیں، تاہم این سی آر پی، ایم ڈی اور بینک افسران کی مشترکہ کوششوں سے آخرکار رقم کا پتہ لگا لیا گیا اور معجزانہ طور پر پوری رقم ایک کروڑ 95 لاکھ انڈین روپے بازیاب کر لیے گئے۔

خوش قسمتی سے جعلسازوں نے اس وقت تک کوئی رقم نکلوائی نہیں تھی، اسی وجہ سے یہ ممکن ہو سکا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More