پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر نیا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعہ کو میچ نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کھیلا گیا، جہاں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو بآسانی 9 وکٹوں سے ہرایا۔
گرین شرٹس کی آج کی جیت کے بعد پاکستان ٹی20 فارمیٹ میں کم سے کم اوورز میں 200 سے زیادہ رنز کا ہدف حاصل کرنیوالی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے 16 اوورز میں حاصل کرلیا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
تیسرے میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے کیوی بولرز کی ایک نہ چلنے دی، قومی ٹیم کے بلے باز حسن نواز نے 44 گیندوں پر 105 جبکہ سلمان علی آغا نے 31 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے۔
حسن نواز نے پاکستان کی جانب سے تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم کے پاس تھا انہوں نے 2021ء میں جنوبی افریقا کے خلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر 49 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
حسن نواز نے کہاکہ پہلے دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود ٹیم مینجمنٹ نے بہت سپورٹ کیا، بیٹنگ کے دوران مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔