کوبرا کے ساتھ 40 منٹ تک لڑائی، کتے نے اپنی جان دے کر فیملی کو بچا لیا

اردو نیوز  |  Mar 22, 2025

انڈین ریاست کرناٹک میں بھیما نامی پِٹ بُل کتے نے کنگ کوبرا سانپ سے ایک خاندان کو اس وقت بچایا جب وہ ان پر حملہ کرنے والا تھا۔

ٹائمز آف اںڈیا کے مطابق کتا 40 منٹ تک سانپ سے لڑتا رہا اور مرنے سے پہلے 12 فٹ لمبے سانپ کے 11 ٹکڑے کیے۔

یہ واقعہ انجینیئر سمانتھ گوڑا کے فارم ہاؤس سے رپورٹ ہوا جن کی کٹایا گاؤں میں فیئر پرائس شاپ ہے۔ بدھ کی دوپہر سانپ نے مرغیوں کے فارم میں گھسنے کی کوشش کی جہاں کچھ مزدور تھے اور ان کے بچے قریب ہی کھیل رہے تھے۔

ایک دوسرے ڈوبرمین کتے نے سانپ کو دیکھ کر اس پر حملہ کیا اور بھیما نے بھی سانپ کو دیکھ لیا۔

فارم کے مالک نے کہا کہ ’سانپوں سے لڑنا بھیما کے لیے نئی بات نہیں تھی کیونکہ وہ اس سے پہلے 15 سانپ مار چکا تھا۔ وہ اتنا طاقتور تھا کہ چیتوں کو بھی قریب پھٹکنے نہیں دیتا تھا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’لڑائی شروع ہوتے ہی سانپ نے کتے کو ناک کے قریب کاٹ لیا تھا لیکن وہ لڑتا رہا۔ تقریباً 40 منٹ تک لڑائی جاری رہی اور اس نے سانپ کے 11 ٹکڑے کیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’جب وہ بچہ تھا تو میں اسے اپنے دوست کے گھر سے لایا تھا۔ ہم نے اسے فارم کے قریب ہی دفنا دیا۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More