سکیورٹی خدشات، بالی وڈ کے سلطان کو ’سکندر‘ کی تشہیر میں مشکلات کا سامنا

اردو نیوز  |  Mar 22, 2025

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان کی فلم سکندر ریلیز ہونے جا رہی ہے جس کا شائقین کو شدت سے انتظار تھا۔

انڈین ویب سائٹ بالی وڈ لائف کے مطابق اے آر مروگادوس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 30 مارچ کو ریلیز ہونے والی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان سکیورٹی خدشات کی وجہ سے اس فلم کی بھرپور انداز میں پروموشن نہیں کر سکیں گے اور عوامی مقامات پر جانے سے گریز کر رہے ہیں۔

سلو بھائی فلم کی تشہیر کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا سہارا لینے پر مجبور ہو گئے ہیں جہاں وہ زیادہ سے زیادہ اپنے فینز کے ساتھ انگینج کرنے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے متعدد دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں جبکہ اسی گینگ نے ’کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے کیس‘ کے تنازع میں سلو بھائی پر حملہ بھی کیا گیا تھا۔

 59 سالہ سلمان خان کے دوست اور انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل کے بعد اداکار کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ان کے ممبئی میں واقع گھر کے باہر سیکوٹی انتظامات سخت کر دیے گئے تھے۔

اخبار انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ گلیکسی اپارٹمنٹس میں واقع ان کے گھر میں بُلٹ پروف شیشے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے الیکٹرک فینسنگ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سلمان خان کو وائی پلس سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کا ایک سکواڈ بھی اب سلمان خان کی حفاظت پر مامور رہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہر قسم کے ہتھیار چلانے میں مہارت رکھنے والا ایک کانسٹیبل بھی سلمان خان کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ موجود رہے گا۔

ریاست مہاراشٹر میں واقع سلمان خان کے فارم ہاؤس کے باہر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی تھی۔

اپریل 2024 میں سلمان خان کے گھر پر نامعلوم فرد نے پستول سے فائرنگ کی تھی تاہم اس واقعے میں کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More