کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ویٹی کن سٹی نے پوپ فرانسس کے انتقال کی تصدیق کردی۔ ویٹی کن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پوپ فرانسس ایسٹر سنڈے کے موقع پر سینٹ پیٹرز اسکوائر میں شرکت کے ایک دن بعد پیر کو 88 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ویٹی کن کی جانب سے ٹیلی گرام چینل پر شائع ہونے والے بیان میں کارڈینل کیون فیرل نے کہا کہ روم کے بشپ فرانسس آج صبح 7 بج کر 35 منٹ پر خدا کے حضور پیش ہوگئے۔
واضح رہے کہ 88 سالہ پوپ فرانسس نے ڈاکٹرز کے حکم پر اپنے کام کے بوجھ کو محدود کرتے ہوئے ایسٹر کے موقع پر ویٹی کن کی دعائیہ تقریب کی صدارت نہیں کی تھی، بلکہ تقریب کے اختتام پر سال میں 2 مرتبہ ہونے والی ’اربی ایٹ اوربی‘ (شہر اور دنیا کے لیے) کے نام سے ایک دعائیہ تقریب میں شرکت کی تھی۔
نمونیا کے باعث 5 ہفتوں تک ہسپتال میں رہنے سے قبل پوپ فرانسس غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم پر تنقید کرتے رہے اور فلسطینی علاقے میں انسانی صورتحال کو ’انتہائی سنگین اور شرمناک‘ قرار دیا تھا۔
ایسٹر کے پیغام میں پوپ نے کہا تھا کہ غزہ کی صورتحال ڈرامائی اور افسوسناک ہے، انہوں نے حماس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ باقی یرغمالیوں کو رہا کرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’میں تمام اسرائیلی عوام اور فلسطینی عوام کے مصائب کے ساتھ اپنی قربت کا اظہار کرتا ہوں، میں متحارب فریقین سے اپیل کرتا ہوں کہ جنگ بندی کا اعلان کریں، یرغمالیوں کو رہا کریں اور بھوکے لوگوں کی مدد کے لیے آئیں، جو امن کے مستقبل کے خواہاں ہیں‘۔