’اعزاز کی بات ہے،‘ سری لنکن بیٹسمین کوسال پریرا ایک بار پھر لاہور قلندرز کے سکواڈ میں شامل

اردو نیوز  |  May 17, 2025

سری لنکن وکٹ کیپر اور بیٹسمین کوسال پریرا ایک بار پھر لاہور قلندرز کے سکواڈ میں شامل ہو گئے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق کوسال پریرا پاکستان سپر لیگ کے اہم میچ سے قبل آج صبح لاہور پہنچے ہیں جہاں آئندہ روز اتوار کو قلندرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

کوسال پریرا کے ہمراہ دو دیگر غیر ملکی کھلاڑی شکیب الحسن اور بھانوکا راج پکشا بھی لاہور پہنچے ہیں۔

انجری کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے ٹام کرن اور ڈیرل مچل کی جگہ شکیب اور راج پکشا کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

34 سالہ پریرا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی دھواں دار بیٹنگ اور وسیع تجربے کے باعث جانے جاتے ہیں۔ وہ اب تک 4,500 سے زائد رنز بنا چکے ہیں اور گزشتہ دو سالوں میں ان کاسٹرائیک ریٹ 151.33 رہا ہے جو ان کی جارحانہ فارم کا ثبوت ہے۔

لاہور پہنچنے پر کوسال پریرا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’لاہور قلندرز کے ساتھ دوبارہ جُڑ کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ میں ہمیشہ پی ایس ایل میں کھیلنے سے لطف اندوز ہوا ہوں اور اس اہم موقع پر ٹیم میں واپس آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘

’میں ہر ممکن کوشش کروں گا کہ ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو سکوں اور شائقین کو خوشی دے سکوں۔ اب ہوٹل میں ٹیم سے ملاقات کا انتظار ہے تاکہ ایک ساتھ آگے بڑھا جا سکے۔‘

لاہور قلندرز کے ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا نے پریرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، ’ہم کوسال کے مشکور ہیں کہ وہ ٹورنامنٹ کے اس اہم مرحلے پر دوبارہ دستیاب ہوئے۔ ان کا تجربہ اور اینرجی ٹیم کے لیے ایک بڑا اضافہ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ وہ ایک بار پھر قلندرز کے رنگوں میں نظر آئیں گے۔‘

واضح رہے کہ پی ایس ایل 2025 کو انڈیا کے ساتھ سرحدی کشیدگی کے باعث 10 مئی کو عارضی طور پر ملتوی کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب یہ ٹورنامنٹ 17 مئی سے دوبارہ شروع ہو رہا ہے جبکہ فائنل 25 مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More