گھر چھوڑ کر چلے گئے۔۔ سلمان فاروقی کے تشدد کا نشانہ بننے والے بہن بھائی کون ہیں؟ نئے انکشافات

ہماری ویب  |  Jun 03, 2025

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک بااثر شخص کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والے موٹرسائیکل سوار دھن راج اور اُس کی بہن کپلنا کی شناخت اور پس منظر سامنے آچکا ہے۔ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد پورے شہر میں غم و غصے کی فضا قائم ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مہنگی لینڈ کروزر میں سوار سلمان فاروقی نامی شخص کی گاڑی کو موٹرسائیکل سے معمولی ٹکر لگی۔ اس معمولی بات پر سلمان فاروقی نے نہ صرف نوجوان کو زدوکوب کیا بلکہ اُس کی بہن کی فریادوں کو بھی نظرانداز کیا، جو بار بار ہاتھ جوڑ کر بھائی کو چھوڑنے کی درخواست کر رہی تھی۔ لڑکی کو پیچھے ہٹنے کی دھمکی دی گئی، اور نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد متاثرہ بہن بھائی منظر سے غائب ہوگئے، تاہم پولیس نے تحقیقات کے دوران اُن کا سراغ لگا لیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں رہائش پذیر ہیں، جبکہ لڑکی ایک بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی ہے۔ ان کے گھر پر تالہ لگا ہوا ہے اور پولیس نے اہلِ خانہ سے رابطہ قائم کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا ہے، اور مزید قانونی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف قانون کی عملداری پر سوالیہ نشان ہے بلکہ معاشرتی رویوں اور طاقت کے غلط استعمال پر بھی ایک گہرا سوال اٹھاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل جاری ہے، اور سب کی نظریں اب انصاف کی فراہمی پر مرکوز ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More