ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا۔
لاہور میں چینی 6 روپے جبکہ کوئٹہ میں 5 روپے کلو مہنگی ہونے کے بعد دونوں شہروں میں 190 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔ کوئٹہ میں چینی ایک ماہ کے دوران 10 روپے فی کلو مہنگی ہوئی جبکہ کراچی میں چینی کا ریٹ 200 روپے کلو تک پہنچ چکا ہے۔
یاد رہے کہ ریٹیل میں 190 سے 200 روپے کلو تک پہنچنے والی چینی کا ایکس مل ریٹ دسمبر 2024 میں 125 سے 130 روپے کلو تھا۔
واضح رہے کہ شوگر ڈیلرز نے گزشتہ سال حکومت کو چینی مہنگی نہ ہونے کا یقین دلا کر چینی برآمد کی اجازت لی تھی اور بیرون ملک چینی بیچ کر ملکی زرمبادلہ بڑھنے کی آس دلاکر ڈالرز لانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
حکومت نے کہا تھا کہ کرشنگ سیزن سےقبل ملک میں چینی کم ہوگی نہ قیمتیں بڑھیں گی تاہم یہ سب زبانی جمع خرچ ثابت ہوگیا اور چینی کی قیمت قابو سے باہر ہونے کے ساتھ چینی درآمد کرنے کی نوبت بھی آگئی۔