امریکی خلائی ادارے ناسا نے سورج کی اب تک کی سب سے قریبی تصویر جاری کردی۔ یہ تصویر سورج سے صرف 38 لاکھ میل کے فاصلے سے لی گئی ہے۔
2018 میں سورج کا مطالعہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا پارکر سولر پروب 24 دسمبر 2024 کو سورج کے انتہائی قریب سے گزرا تھا۔
ریلیز کی جانے والی تازہ ترین فوٹیج میں اسپیس کرافٹ کے قریب سے گزرنے کے دوران کھینچی گئی تصاویر پیش کی گئی ہیں۔
ناسا کے سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر نکی فوکس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ حاصل ہونے والا نیا ڈیٹا سائنس دانوں کو خلائی موسم سے متعلق پیشگوئیوں کو بہتر کرنے میں مدد دے گا تاکہ خلانوردوں اور زمین اور پورے نظامِ شمسی میں موجود ٹیکنالوجی کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔