افغانستان: زلزلہ متاثرین کی امداد، کمانڈوز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اتارا گیا

اردو نیوز  |  Sep 03, 2025

افغان حکومت نے زلزلے میں زندہ بچ جانے والے افراد کو ریسکیو کرنے کی غرض سے کمانڈوز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقے میں اتارا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کی رات کو صوبہ کنڑ اور ننگرہار میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 1400 ہو گئی ہے۔

زلزلے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے جبکہ کئی افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ گہرائی صرف 10 کلومیٹر تھی۔

گزشتہ روز منگل کو 5.5 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا تھا جس کے باعث امدادی سرگرمیاں روکنی پڑیں جبکہ دور دراز گاؤں کا زمینی راستہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔

جن مقامات پر ہیلی کاپٹر کا لینڈ کرنا مشکل ہے وہاں کمانڈوز کو ہیلی کاپٹر سے نیچے اتارا جا رہا ہے تاکہ وہ زخمیوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مدد فراہم کر سکیں۔

صوبہ کنڑ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے سربراہ  احسان اللہ احسان نے بتایا کہ ایک کیمپ لگایا گیا ہے جہاں سے ایمرجنسی امداد کی ترسیل کی کوآڑڈینیشن کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دو اور سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جو زخمیوں کی منتقلی، ہلاک ہونے والوں کی تدفین اور بچ جانے والوں کے ریسکیو کے عمل کو دیکھ رہے ہیں۔

طالبان انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 411 ہے، 3 ہزار 124 زخمی ہیں جبکہ پانچ ہزار 400 سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں۔

اقوم متحدہ کا کہنا ہے کہ ابھی بھی کئی افراد ملنے تلے دبے ہیں لہٰذا ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دوسرے زلزلے میں وہ مکان بھی ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں جن کو پہلے زلزلے میں جزوی نقصان پہنچا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More