بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم طیفی بٹ دبئی سے گرفتار

ہماری ویب  |  Oct 04, 2025

ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو دبئی سے گرفتار کرلیا گیا۔

طیفی بٹ کو دبئی میں ایک دعوت کے دوران ڈرامائی انداز میں گرفتار کیا گیا۔ دبئی پولیس کے ایکسٹراڈیشن سیل کے ڈی ایس پی خالد وریا پہلے سے دو اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے سلسلے میں تقریب میں موجود تھے۔ خالد وریا نے ملزم کو پہچان کر دبئی پولیس کو اطلاع دی جس پر مشترکہ کارروائی کے دوران طیفی بٹ کو حراست میں لے لیا گیا۔

طیفی بٹ اس وقت دبئی پولیس کی حراست میں ہے اور لاہور پولیس نے اس کی گرفتاری کے لیے پہلے ہی ریڈ وارنٹ جاری کر رکھے تھے۔ ریڈ وارنٹ کی بنیاد پر اسے پاکستان منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امیر بالاج کے قتل کے بعد طیفی بٹ اسلام آباد سے برطانیہ روانہ ہوگیا تھا اور کچھ عرصہ گلاسگو میں مقیم رہا۔ بعد ازاں ویزا ختم ہونے پر دبئی آیا جہاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس کی ایک خصوصی ٹیم طیفی بٹ کو لینے کے لیے دبئی روانہ ہوچکی ہے جس کے بعد اسے لاہور لایا جائے گا اور جے آئی ٹی کے حوالے کرکے تفتیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ 18 فروری 2024 کو لاہور کے علاقے چونگ میں شادی کی تقریب کے دوران امیر بالاج ٹیپو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ اس مقدمے میں گوگی بٹ اور طیفی بٹ کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا جبکہ ایک اور ملزم احسن شاہ اگست 2024 میں پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More