ایک پھرتیلا رن اپ، جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ڈیل سٹین جیسا ایکشن اور ہاتھ سے نکلتے ہی گیند کی ایسی رفتار تیز کہ بلے باز کو مشکل میں ڈال دے۔
یہ بھرپور پیکج محض آٹھ سالہ بچی آئینہ وزیر ہیں جن کی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ویڈیوز نے سابق کرکٹرز کے ساتھ ساتھ مقامی کرکٹ ٹیموں کو بھی حیران کیا ہے۔
پاکستان کے سابقہ قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی آئینہ وزیر نے انھی ویڈیوز کی بدولت چند ہی دنوں میں بے حد پذیرائی پائی ہے۔
اب پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ کو زلمی وومن لیگ کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
جاوید آفریدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے لکھا کہ ’ماشااللہ آئینہ وزیر انتہائی ٹیلنٹڈ کھلاڑی ہیں اور وہ ایک اچھے پلیٹ فارم پر آنے کا حق رکھتی ہیں۔‘
جاوید آفریدی نے یہ بھی لکھا کہ وہ آئینہ وزیر کو کرکٹ کی تمام اشیا اور سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں گے تاکہوہ اپنا ٹیلنٹ نکھار سکیں اور سائرہ جبین کی طرح ایک بہترین کھلاڑی بن کر سامنے آئیں۔
کچھ روز قبل آئینہ وزیر کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں انھیں پہاڑوں کے دامن میں شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا میں شگہ زلول خیل میں فاسٹ بولنگ اور بیٹنگ کرتے دیکھا گیا۔
جاوید آفریدی کے اعلان کے بعد بی بی سی نے آئینہ وزیر اور پشاور زلمی کی انتظامیہ سے بات کی۔
’مجھے بابر اعظم کی بیٹنگ پسند ہے‘
آئینہ وزیر کہتی ہیں کہ انھیں بچپن سے کرکٹ کا شوق ہے۔ ’اب میری اپنی کرکٹ ٹیم ہے اور ہم دو ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں۔‘
آئینہ نے اپنے چچا زاد بھائی کے ساتھ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں بابر اعظم کی بیٹنگ پسند ہے لیکن خود انھیں بولنگ کرنا پسند ہے کیونکہ بیٹنگ میں انھیں مزہ نہیں آتا۔
آئینہ وزیر کے چچا زاد بھائی منظور نے بتایا کہ آئینہ کے چار بھائی اور تین بہنیں ہیں لیکن کرکٹ کا شوق آئینہ کو ہے۔
آئینہ وزیر کی عمر آٹھ سال بتائی گئی ہے۔ منظور نے بتایا کہ ان کے محلے میں بچے آپس میں کرکٹ کھیلتے رہتے ہیں، انھوں نے اپنا یونیفارم بھی بنا رکھا ہے اور ان کے ٹورنامنٹ بھی ہوتے ہیں۔
’کوہلی جیسا سٹائل، روہت شرما جیسی شاٹ‘: صادق آباد کی ننّھی کرکٹر سونیا خان جن کی وائرل ویڈیو کی تعریف آسٹریلیا میں بھی ہوئیسچن تندولکر نے جس دس سالہ لڑکی کو راتوں رات سٹار بنا دیا وہ انھیں جانتی تک نہیںکسی کی والدہ کو زیورات بیچنا پڑے تو کسی کے والد نے ملازمت ترک کی: ورلڈ چیمپیئن بننے والی انڈین خواتین کرکٹرز کی کہانیکانپتے ہاتھ اور لڑکھڑاتی آواز والے ونود کامبلی اور ان کے بچپن کے دوست سچن تندولکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کیوں؟
انھوں نے بتایا کہ پشاور زلمی کے لوگوں نے ان سے رابطہ تو کیا تھا لیکن ابھی تک معلوم نہیں کہ کیا ہوتا ہے۔
اس بارے میں بی بی سی اردو نے پشاور زلمی کی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو زلمی وومن لیگ کے عہدیدار احد خان نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے بچی کے خاندان سے رابطہ کیا اور ابتدائی طور پر وہ بچی کو زلمی کی کٹ اور بیگ (جس میں بیٹ بالِ پیڈ گلوز اور دیگر سارا سامان ہوتا ہے) فراہم کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب زلمی وومن لیگ ہو گی تو آئینہ وزیر کو بھی ساتھ رکھا جائے گا اور کوچنگ کے ساتھ ساتھ انھیں تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
’اسی طرح کھیلتی رہو، ایک دن تم پاکستان کے لیے فخر بنو گی‘
آئینہ کا تعلق شمالی وزیرستان سے ہے جہاں سے آئے روز تشدد کی خبریں، حملے، ٹارگٹ کلنگ اور جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں۔
اس پسماندہ علاقے سے بچی کی ویڈیو چند لمحوں میں نہ صرف وائرل ہوئی بلکہ اس پر کرکٹرز اور دیگر لوگوں نے بھی ردعمل دیا۔
پاکستان وومن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے لکھا کہ ’کیا بات ہے ماشاء اللہ۔۔۔ چھوٹی سپر سٹار کو مزید کامیابیاں نصیب ہوں۔‘
پاکستان وومن ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض نے لکھا کہ ’ماشاء اللہ ٹیلنٹڈ آئینہ آپ سٹار ہو، اسی طرح کھیلتی رہو۔ میری بہترین تمنائیں تمہارے ساتھ ہیں اور ایک دن تم پاکستان کے لیے فخر بنو گی۔‘
شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے آئینہ وزیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’اس بچی نے کہیں سے کوئی تربیت حاصل نہیں کی، نہ ہی اس کی کوچنگ کی گئی لیکن اس کے باوجود وہ اتنی بہتر بولنگ اور بیٹنگ کر رہی ہیں، یہ بہت شاندار ہے۔‘
آئینہ وزیر کی ویڈیو پر بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے اور بچی کی کرکٹ سٹائل کی تعریف کی ہے لیکن کچھ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وزیرستان کی روایات اور کلچر کے مطابق بچی کو اس طرح کھیلوں میں حصہ نہیں لینا چاہیے ۔
شمالی وزیرستان میں ایک عرصے سےتشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے پاکستان نے شمالی وزیرستان میں سنہ 2014 میں آپریشن شروع کیا تھا اور یہاں سے لاکھوں افراد نے نقل مکانی کی تھی۔
اس آپریشن کے چند برس بعد علاقے میں حالات قدرے بہتر ہونا شروع ہو گئے تھے لیکن اب پھر چند برسوں سے شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا دور دراز پسماندہ علاقہ ہے جس کی سرحد ٹل کے ساتھ ملتی ہے۔
کسی کی والدہ کو زیورات بیچنا پڑے تو کسی کے والد نے ملازمت ترک کی: ورلڈ چیمپیئن بننے والی انڈین خواتین کرکٹرز کی کہانی’کوہلی جیسا سٹائل، روہت شرما جیسی شاٹ‘: صادق آباد کی ننّھی کرکٹر سونیا خان جن کی وائرل ویڈیو کی تعریف آسٹریلیا میں بھی ہوئیسچن تندولکر نے جس دس سالہ لڑکی کو راتوں رات سٹار بنا دیا وہ انھیں جانتی تک نہیںکانپتے ہاتھ اور لڑکھڑاتی آواز والے ونود کامبلی اور ان کے بچپن کے دوست سچن تندولکر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کیوں؟’صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کا یقین جگا دیا‘