آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا

نوائے وقت  |  Jan 14, 2020

 13 واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ 17 جنوری سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا جس میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلہ دیش، سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن 17 جنوری کو جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں اپنے اختتامی مراحل تک پہنچ چکی ہیں۔ میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میزبان جنوبی افریقہ، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، سکاٹ لینڈ، زمبابوے، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان شامل ہیں۔ تمام 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلہ دیش، سکاٹ لیند اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارت ہیں۔ دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020ء میں اپنا پہلا میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف سٹروم کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اوول میں کھیلے گی۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔ 17 جنوری سے شروع ہونے والے میگا ایونٹ کا فائنل میچ 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ 22جنوری کو زمبابوے کے خلاف بلوم فونٹین میں کھلے گی۔ گروپ مرحلے میں پاکستان ٹیم اپنے آخری میچ بنگلہ دیش کے خلاف 24 جنوری کو مد مقابل ہوگی۔ ہر گروپ سے دو بہترین ٹیمیں سپر لیگ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی جبکہ باقی تمام ٹیمیں پلیٹ چیمپئن شپ کیلئے نبردآزمائی کریں گی۔ ایونٹ میں سپر لیگ مرحلے کا آغاز 28 جنوری سے شروع ہوگا۔ سپر لیگ مرحلے کے اختتام پر 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 9 فروری کو ہوگا۔ واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔ پاکستان ٹیم اس سے قبل 2004ء میں بنگلہ دیش اور 2006ء میں سری لنکا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹلز جیت چکی ہے، اس کے علاوہ میگا ایونٹ کے 3 ایڈیسشنز میں رنر اپ بھی رہ چکی ہے۔ گزشتہ سال نیوزی لینڈ میں منعقدہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت حسان خان نے کی تھی، ایونٹ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کو سیمی فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ پہلی بار 1988ء میں کھیلا گیا جس کے ہر 2 سال بعد ایونٹ کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ ایونٹ کے تاحال 12 ایڈیشنز مکمل ہو چکے ہیں جس میں بھارت سب سے زیادہ چار مرتبہ فاتح رہا۔ آسٹریلوی ٹیم تین مرتبہ، پاکستان دو مرتبہ جبکہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز ایک ایک مرتبہ میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More