پولیو مہم بارے غلط بیانی پر مہوش حیات نے طارق فتح کو آئینہ دکھا دیا

نوائے وقت  |  Jan 15, 2020

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی طارق فتح سے غلط ویڈیو شیئر کرنے پر اظہار برہمی کیا ہے۔ طارق فتح نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں پولیو ورکر ایک گھر کے دروازے پر کھڑے ہیں اور ایک خاتون اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر رہی ہیں اور دروازہ بند کر دیتی ہیں۔ کینیڈین صحافی نے یہ کِلپ شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ پاکستانی خاتون نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کردیا اور پولیو ورکر کے منہ پر دروازہ بند کر دیا۔ اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے مہوش حیات نے طارق فتح کا پاکستان مخالف جھوٹ بے نقاب کردیا۔ یہ ویڈیو کلپ دراصل مہوش حیات کی فلم لوڈ ویڈنگ کا ایک سین ہے جس میں مہوش حیات نے پولیو ورکر کا کردار ادا کیا۔ لڑکیوں کے حقوق کی خیر سگالی سفیر مہوش حیات نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی کچھ بھی شیئر کرنے سے پہلے تصدیق کیا کریں۔ مہوش حیات نے صحافی کو یہ بھی بتادیا کہ یہ ان کی فلم کا ایک سین ہے اور جو خاتون بچوں کی والدہ کا کردار نبھا رہی ہیں وہ بھی ایک اداکارہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے ذریعے ہم نے اس مسئلے پر شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین بھی طارق فتح کے اس غلط ٹوئٹ پر ٹرول کر رہے ہیں اور فلم دیکھنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More