ترک صدر کا کشمیر کے عوام کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی

نوائے وقت  |  Feb 14, 2020

ترک صدر رجب طیب اردوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتاہے جنہیں طویل عرصے سے مظالم اور بدترین نتائج کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکی بھارت اور پاکستان کے درمیان اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرنے کا حامی ہے۔انہوں نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور دہشت گردی کیخلاف اقدامات کی تعریف کی۔رجب طیب اردوان نے کہا کہ فوج اور دفاع کے شعبے میں ہمارا تعاون ہماری فعال شراکت داری کا حصہ ہے۔ترک صدر نے کہا کہ سٹریٹجک اکنامک فریم ورک ایک لائحہ عمل ہے کہ ہمیں اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں مدد کے لئے نقل و حمل، توانائی، سیاحت، صحت عامہ، قانون نافذ کرنے اور صحت کے شعبوں میں ہرممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر آواز بلند کرنے پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے تقریباً 80 لاکھ کشمیری عملی طور پر محصور ہیں۔ کشمیری رہنماؤں کو گرفتار اور ذرائع مواصلات معطل ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سٹریٹجک اقتصادی تعاون کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ٹی اورپاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن اور پاکستان ٹیلی ویژن کے درمیان تعاون کے معاہدے پر دستخط سے اسلاموفوبیا کے بیانیے کے خلاف مل کر کام کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم ترکی کی فلمی صنعت کو اسلاموفوبیا کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More