ترک صدرکا دورہ معاشی‘ تجارتی اور ثقافتی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا: فردوس عاشق

نوائے وقت  |  Feb 15, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی بے مثال دوستی کے بندھن میں بندھے ہیں، مذہب اور ثقافت پر مبنی یہ رشتے دونوں ممالک کے عوام کے دل سے جڑے ہیں، ترک صدر رجب طیب اردگان اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔ اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ترک صدر کا پاکستان کی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے چوتھی بار خطاب دونوں ممالک کے مابین لازوال دوستی کا مظہر ہے، پاک ترک سٹریٹیجک شراکت داری سے متعلق اعلی سطحی مشاورت کا چھٹا اجلاس دونوں ممالک میں مزید قربت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر ہمارے موقف کی بھرپور تائید وحمایت کے باعث پاکستان کے عوام کے دل میں ترک قیادت اور عوام کے لئے خصوصی احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر ترکی کے اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ترک صدر کا دورہ دوطرفہ معاشی و اقتصادی، تجارتی و ثقافتی روابط کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا باعث بنے گا، تجارتی و کاروباری تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More