پی ایس ایل ڈیوٹی: ’پولیس اہلکار مصافحہ نہ کریں‘

اردو نیوز  |  Mar 12, 2020

سندھ پولیس نے کورونا وائرس کے خطرے کے تناظر میں پولیس اہلکاروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہیں آپس میں مصافحہ کرنے اور بغل گیر ہونے سے اجتناب برتنے کے علاوہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر ڈیوٹی کرنے کا کہا گیا ہے۔

کراچی میں پاکستان سپر لیگ فائیو کے میچز سے قبل جاری کردہ اعلامیہ میں پولیس اہلکاروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ دورانِ ڈیوٹی سرجیکل ماسک پہن کر رکھیں، خاص طور پر اس وقت جب وہ پُرہجوم مقامات پر ہوں، تاکہ ناک اور منہ مکمل ڈھکا رہے۔

انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اہلکاروں کو دن میں متعدد بار باقاعدگی سے ہاتھ دھونے کی تلقین بھی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیںکراچی میں کورونا وائرس کے 9 نئے مریضNode ID: 463941سندھ: کورونا کے دو نئے کیسز سامنے آگئےNode ID: 464051ناکافی سہولیات: لوگ تفتان کے قرنطینہ سے بھاگنے لگےNode ID: 464246دوسری طرف وزیرِ اطلاعات ناصر حسین شاہ نے جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے گذشتہ ایک ماہ میں ملک سے باہر سفر کیا ہے وہ پی ایس ایل میچ دیکھنے سٹیڈیم نہ جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک ملک میں اس وائرس کے پھیلنے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، جو بھی کورونا کا شکار ہوئے ان کی ٹریول ہسٹری تھی۔

دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم کراچی میں فیومیگیشن مشین پہنچا دی گئی ہے جبکہ نجی صابن ساز کمپنی کی جانب سے ہینڈ واش کے سٹال بھی احاطے میں لگائے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سٹیڈیم آنے والے شائقین کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ایڈوائزری جاری کی جس میں یہ بھی کہا گیا کہ نزلہ اور زکام کی علامات کے دوران سٹیڈیم آنے سے اجتناب کریں۔

شائقین سے کہا گیا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، کھانسی اور بخار میں مبتلا افراد سے رابطہ محدود رکھیں اور غیر ضروری طور پر کرسیوں، سٹیل بارز اور ریلینگز کو ہاتھ لگانے سے بچیں۔

کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد شیڈول کے مطابق کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سٹیڈیم میں تھوکنے، پانی، خوراک اور خالی بوتلیں پھینکنے سے پرہیز کریں، چھینکتے وقت ٹشو پیپر یا رومال کا استعمال کریں اور استعمال کے بعد اسے کوڑے دان میں ضرور ڈالیں۔

علاوہ ازیں، صابن سے ہاتھ دھوئیں، کھانسی یا چھینک کے بعد سینیٹائزر کا استعمال کریں، کھانے سے پہلے، بعد میں اور ٹائلٹ کے استعمال کے بعد صابن کا استعمال کریں۔

کراچی میں پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد شیڈول کے مطابق کیا جا رہا ہے، جمعرات کی شام لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہوگا جبکہ دن میں پشاور زلمی کی ٹیم سٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔

واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More