شہری گھر رہیں، وفاقی حکومت کی طرز پر پیکج دینگے: عثمان بزدار

نوائے وقت  |  Mar 26, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالاشاہ کاکو کیمپس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کالاشاہ کاکو کیمپس میں کرونا مریضوں کیلئے قائم آئسولیشن/قرنطینہ مراکز کا جائزہ لیا اور قرنطینہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے قرنطینہ مراکز کے قریب انسنریٹر لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کودستیاب سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ لاہور کے اولڈ ٹرمینل ایئرپورٹ سے مریضوں کو منتقل کرنے کیلئے 15 اے سی بسوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ کرونا مریضوں کو ٹرمینل پر رجسٹریشن کے بعد قرنطینہ مرکز میں شفٹ کر دیا جائے گا۔ کالاشاہ کاکو کیمپس میں کنٹرول روم، ایمرجنسی رسپانس سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کرونا مریضوں کا علاج کرنے والے عملے کا استعمال شدہ لباس تلف کرنے کیلئے ایس او پی پر عمل کیا جائے۔ سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم کی طرف سے کرونا متاثرین کیلئے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کے امدادی پیکیج کا خیرمقدم کیا ہے۔ اور شاہدرہ میں آئل ٹینکر میں آتشزدگی کے واقعہ کے بارے میں کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او لاہور سے گوجرہ میں نوجوان پر بہیمانہ تشدد کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسز، طبی عملے اور دیگر کو ایک تنخواہ کے برابر سپیشل رسک الاؤنس دیا جائے گا۔ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں 14 روز گزار کر کلیئر قرار دیئے جانے والے 600 افراد کو ان کے گھروں میں بھجوایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب متعلقہ اضلاع میں ان کی فالو اپ سکریننگ کا بھی اہتمام کر رہی ہے۔ معمولی جرائم میں ملوث 3500 قیدیوں کی رہائی کیلئے سمری بھجوائی جا رہی ہے۔ لاہور کیمپ جیل میں قیدیو ں کیلئے 100 بیڈز کا خصوصی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب سول ایوی ایشن اتھارٹی کو خط لکھ رہی ہے کہ پنجاب میں بیرون ملک سفر کر کے آنے والے سول ایوی ایشن سے وابستہ فضائی عملے اور دیگر سٹاف کے فوری چیک اپ کا فوری بندوبست کیا جائے۔ لاہور سمیت صوبہ کے دیگر شہروں میں صفائی اور دیگر ضروری امور کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انتظامیہ شہروں کی صفائی ستھرائی کا اہتمام کرے۔ فوڈ چین سپلائی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیئے۔ انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ عثمان بزدار نے اپیل کی کہ شہری سماجی فاصلے برقرار رکھیں اور مخیر حضرات نادار لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام کریں۔ کرفیو نہیں ہے لیکن شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اور تعاون کریں۔ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کی طرز پر سوشل پروٹیکشن پیکیج دے گی۔ عثمان بزدار نے ڈاکٹر رفیق احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More