نماز جمعہ پر علماء کا فتویٰ اور مریض نمبر اکتیس

سماء نیوز  |  Mar 26, 2020

تحریر: ابویحیٰ

کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں نماز جمعہ سے متعلق علما کا متفقہ فتویٰ عوام کے سامنے آگیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ساؤتھ کوریا کی مریض نمبر اکتیس کی داستان بھی عوام کے سامنے رکھ دیں۔ ساؤتھ کوریا میں ایک خاتون جن کو مریض نمبر اکتیس کا نام دیا گیا ہے، کورونا وائرس سے متاثر تھیں۔ انہوں نے نو اور سولہ فروری کے دو مسلسل اتواروں کو چرچ کی عبادتی مجلس میں شرکت کی۔ جس کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک دم سے ہزاروں تک پہنچ گئی۔ اس تعداد کو تیس سے ہزاروں تک پہنچانے کی ذمہ دار یہ خاتون تھی جس نے چرچ سروس میں شریک ہوکر سیکڑوں لوگوں کو یہ وائرس لگایا جن سے مزید ہزاروں لوگوں تک یہ وائرس منتقل ہوگیا۔

ہمارا خیال ہے کہ اگر وزیراعظم صاحب ملک بھر کے نمائندہ علما کو اپنے ہاں بلا کر مریض نمبر اکتیس کی یہ داستان سنا دیتے تو شاید علما کا متفقہ فیصلہ کچھ اور ہوتا۔ ساتھ میں میڈیکل ماہرین کو بٹھاکر مزید یہ واضح کروا دیتے کہ ابھی تک ایسی کوئی گارنٹی سامنے نہیں آئی ہے کہ فرض نماز پڑھنے والوں کو وائرس منتقل نہیں ہوگا تو شاید ان پر بات مزید واضح ہوجاتی۔

حقیقت یہ ہے کہ کرونا کا مرض بہت آسانی اور تیزی سے دوسروں میں منتقل ہوتا ہے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ مگر لوگ مسجدوں میں جاتے رہیں گے۔ جس کے بعد مساجد ممکنہ طور پر اس وائرس کی منتقلی کا بڑا ذریعہ بنیں گی۔ اپنی سیاسی اور مذہبی قیادت کو کوئی بات سمجھانا تو شاید بھینس کے آگے بین بجانے کے مترادف ہے۔ البتہ عوام کی خدمت میں یہ عرض ہے کہ اب مقامی طور پر اگر یہ وائرس پھیلتا ہے تو اللہ، اس کا رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور دین اسلام ہر الزام سے بری ہیں۔ اسلام میں انسانی جان کی حرمت ہر چیز سے زیادہ ہے۔ کوئی ذمہ داری عائد ہوگی تو مذہبی اور سیاسی قیادت کی ہوگی۔ خدا کے دین اسلام پر اس کی کوئی ذمہ داری نہیں ہوگی۔

ایویحیٰ مذہبی اسکالر ریحان احمد یوسفی کا قلمی نام ہے۔ انہوں نے مذہبی موضوعات پر متعدد کتابیں لکھنے کے ساتھ ناول بھی لکھے ہیں۔ ان کا ناول ’جب زندگی شروع ہوگی‘ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں یکساں مقبول ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More