وسیم خان کا کرکٹ بورڈ کیلئے 15لاکھ روپے کا عطیہ

سماء نیوز  |  Jun 06, 2020

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے سابق کرکٹرز، میچ آفیشلز، اسکوررز اور گراؤنڈز مین سمیت دیگر ملازمین کی امداد کیلئے اپنے ذاتی اخراجات سے 15 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پی سی بی کو حالیہ دنوں میں بڑے عہدیداروں کی بڑی تنخواہوں، نچلے گریڈ کے ملازمین کو نکالنے اور پھر فیصلہ واپس لینے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ملازمین کو نکالنے کے فیصلے پر چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے افسوس کا اظہار اور معذرت کی تھی، جبکہ اب فنڈ میں عطیہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ مشکلات میں گھرے ہوئے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف کی مالی معاونت کرنے کا فیصلہ میں نے ذاتی حیثیت میں کیا ہے، یہ میری طرف سے چیئرمین ویلفیئر فنڈ میں ایک چھوٹا سا حصہ ہے جو پہلے ہی کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور گراؤنڈ اسٹاف سمیت دیگر ملازمین کی مدد کرنے کیلئے قائم کیا جاچکا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی کے ملازمین کی تنخواہوں میں سالانہ اضافہ کرنا ماضی میں روایت رہی ہے مگر اس کے برعکس ہم نے آئندہ 12 ماہ کیلئے اپنے اخراجات کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے صرف ایک لاکھ روپے یا اس سے کم تنخواہوں والے ملازمین کے معاوضوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر عملدرآمد یکم جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں کیا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے بھی وسیم خان کے اقدام کو سراہا ہے، ان کا کہنا ہے کہ وسیم خان کی جانب سے آگے بڑھ کر مثال قائم کرنا قابل ستائش ہے، وسیم خان نے ہمیشہ پاکستان کی کرکٹ سے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی اسی کی ایک مثال ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More