آصف زرداری کے وارنٹ جاری، نوازشریف کواشتہاری قرار دینے کافیصلہ

سماء نیوز  |  Jun 30, 2020

توشہ خانہ ریفرنس میں آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی کوئی دلیل اور درخواست کام نہ آئی، احتساب عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی، سابق صدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے ایک ہی دن دو سابق حکمرانوں کیخلاف فیصلہ دیدیا، سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کردی جبکہ سابق صدر آصف زرداری  کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

دوران سماعت نیب نے نواز شریف کو برطانیہ میں سمن بھجوانے کی رپورٹ پیش کردی، جج اصغر علی نے ریمارکس دیئے کہ نواز شریف جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے، وارنٹس بھی تعمیل کے بغیر واپس آگئے، نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کیس میں آصف علی زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک کی سخت مخالفت کے باوجود قابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے۔

فارق نائیک بولے زرداری بڑے آدمی ہیں، وارنٹ کا میڈیا پر بہت غلط تاثر جائے گا، بیان حلفی دیتا ہوں وہ آجائیں گے۔ جج اصغر علی نے ایک نہ مانی اور کہا کہ عدالت نے جو حکم دے دیا وہ واپس نہیں لے سکتے۔

احتساب عدالت کے جج نے واضح کیا کہ ابھی تو قابل ضمانت وارنٹ ہیں، آئندہ سماعت پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں گے۔ کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More