ہیلی کاپٹر اور خلائی گاڑی کے ساتھ نیا خلائی مشن مریخ روانہ

بول نیوز  |  Jul 31, 2020

امریکی خلائی ادارے  ناسا نے مریخ  پرسب سے جدید خلائی گاڑی اور پہلی مرتبہ ہیلی کاپٹر مریخ کی جانب روانہ کردیا ہے۔

اس خلائی روور کا نام ’پرسیویئرنس‘  اور اس کے ساتھ ہیلی کاپٹر کا نام ’انجینیئٹی‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں سے پرسیویئرنس کا مطلب مشکلات کے باوجود مستقل مزاجی سے آگے بڑھنا ہے جبکہ انجینیئٹی کا مطلب ذہانت بھری اختراع ہوتا ہے۔

 اس میں روور کی جسامت ایک کار کے برابر ہے لیکن اس میں چھ عدد پہیے نصب ہیں ۔

پرسیویئرنس میں جدید ترین لیزر کیمرہ، زیرِ زمین ریڈار، موسمیاتی اسٹیشن، دو طرح کے جدید ترین کیمرے ، اور طویل بازو پر نصب ایک کیمیائی تجربہ گاہ بھی لگائی گئی ہے۔

 مذکورہ مشن کو اٹلس پنجم راکٹ کے ذریعے فلوریڈا کے کیپ کناورل سے سرخ سیارے کی سمت بھیجا گیا ہے۔

 یہ خلائی مشن سات ماہ بعد فروری 2021 میں مریخ کی سطح پر اترے گا۔

 جس کا مقصد ایک جانب تو مریخی پتھر جمع کرنا ہے تو دوسری جانب یہ سیارے پر زندگی کی ممکنہ آثار کی تلاش بھی کرے گا۔ اچھی بات یہ ہے کہ زمین چھوڑتے ہی اس مشن نے اپنی خیریت کی خبر دیدی ہے۔

مشن کے سربراہ عمر بیز نے بتایا کہ سات ماہ بعد یہ مشن مریخ پر پہنچ جائے گا۔ اس میں ایک چھوٹا سا ہیلی کاپٹرمشکل سے دو کلوگرام وزنی ہے جسے مریخ کی فضا کے مطالعے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر شمسی توانائی سے پرواز کرتا ہے اور وہ گاڑی کو راستہ دکھانے میں بھی مدد کرتا ہے۔

خلائی گاڑی کو ایک گہرے گڑھے جزیرو میں اتارا جائے گا اور شاید اربوں سال قبل یہاں کوئی جھیل موجود تھی ۔

واضح رہے کہ 17 جولائی کو اسے خلا کے حوالے کرنا تھا لیکن اس کی تاریخ تین مرتبہ بدلی گئی اور 30 جولائی کو بہترین موسم کے تحت اسے مریخ کی سمت بھیجا گیا ہے۔

لانچنگ کے ایک گھنٹے بعد پورا مشن راکٹ سے الگ ہوگیا اور اب اپنی منزل کی جانب گامزن ہے۔  اگر مریخ پر کروڑوں اربوں سال قبل حیات کے باریک آثار موجود ہیں تو جدید تجربہ گاہ اسے پہچاننے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پہلے اس مشن کا نام مارس 2020 رکھا گیا تھا لیکن اسکول کے بچوں کے درمیان اس کا نام رکھنے کا ایک مقابلہ کرایا گیا جس کے بعد اس کا نام ’پریزروئینس‘ رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More