ڈاکٹر فیصل سلطان کون ہیں؟

اردو نیوز  |  Aug 04, 2020

شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے صحت تعینات کر دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کورونا کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن بھی ہیں۔ ان کا عہدہ اب وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دوران سب سے زیادہ تبدیلیاں وزارت صحت کی حکومت میں ہی دیکھنے کو ملی ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان عملی طور پر تیسرے وزیر صحت ہیں۔ ان سے پہلے ڈاکٹر ظفر مرزا وزیر اعظم کے معاون خصوصی تھے جنہوں نے 29 جولائی کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

موجودہ حکومت کے پہلے حلف اٹھانے والے وزراء میں پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی بھی شامل تھے جنہیں وزارت صحت کا قلمدان سونپا گیا تھا۔ بعد ازاں عامر کیانی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ روکنے میں ناکامی پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کون ہیں؟

ڈاکٹر فیصل گذشتہ کئی سالوں سے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹور آفیسر ہیں۔ وہ متعدی امراض کے ماہر ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال کی ویب سائٹ پر موجود کوائف کے مطابق انہوں نے 1987 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کیا جبکہ 1992 اور 1994 میں امریکن بورڈ آف میڈیسن اور امریکن بورڈ آمتعد امراض سے پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومے کیے۔

ان کا شمار وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ عمران خان کو ان کی صلاحیتوں پر اتنا اعتماد ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے علاوہ خیبر پختونخواہ میں اپنے گذشتہ دور حکومت میں انہیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا سی ای او تعینات کروایا تھا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں سے ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرزموجودہ حکومت کے قیام کے فوراً بعد مختلف شعبوں میں اصلاحات اور 100 روزہ ایجنڈے کے تحت ٹاسک فورسز کا قیام عمل میں لایا گیا تو صحت کے حوالے سے قائم کی گئی ٹاسک فورس کے ارکان میں ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شامل تھے۔

پاکستان میں کورونا کی وبا پہنچی تو وزیر اعظم نے انہیں اپنا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے انہیں اہم ذمہ داریاں سونپیں جن میں شامل ہیں قومی رابطہ کمیٹی کو براہ راست راہنمائی دینا، متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنا اور دستیاب ڈیٹا کی روشنی میں کورونا سے پچاؤ کے لیے تجاویز دینا، کورونا سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لیے وسائل مہیا کرنے کے اقدامات تجویز کرنا اور ماہرین کا گروپ تشکیل دینا جو اس حوالے سے قومی رابطہ کمیٹی اور وزیر اعظم کو  تجویز دے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کے استعفے کے بعد ڈاکٹر فیصل سلطان کی ان ہی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More