کاروبار کھولنے کے حوالے سے سفارشات تیار کرلی گئی ہیں، فیاض الحسن چوہان

اب تک  |  Aug 04, 2020

لاہور: (04 اگست 2020) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے این سی او سی کو کاروبار کھولنے کے حوالے سے سفارشات تیار کرلی گئی ہیں۔ کاروبار کھولنے سے متعلق حتمی فیصلہ این سی او سی سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں انڈسٹریز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، میرج ہالز اور سینما، جمز، ان ڈور اسپورٹس، بیوٹی سیلون اور کلینک وغیرہ کھولنے کا فیصلہ بھی این سی او سی کی اجازت سے مشروط کردیا۔ مری اور دیگر سیاحتی مقامات کھولنے کا حتمی فیصلہ بھی این سی او سی کرے گی۔

پنجاب میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کنسٹرکشن انڈسٹری سے متعلقہ دیگر کاروبار بھی کھول دیئے جائیں گے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے کورونا کنٹرول کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں کورونا پازیٹو کیسز کی تعداد 2 سے 3 فیصد تک ہے۔ صوبے بھر میں کورونا کے خدشے کے پیش نظر 3 ہزار بیڈز بدستور مختص رکھے جائیں گے۔ اسپتال کورونا فری قرار دے کر معمول کی طبی خدمات کیلئے اوپن ہوں گے۔ اسپتالوں میں معمول کی بیماریوں کا علاج، آپریشن اور دیگر سروسز معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری، سینئر ممبر بورڈآف ریونیو، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ، سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکریٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ، سیکریٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More