گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت عارف علوی

اب تک  |  Aug 08, 2020

اسلام آباد: (07 اگست 2020) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے صحت اور تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے گلگت کا دوررہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔ نگراں وزیر اعلیٰ میر افضل نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کا صوبہ پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ حکومت علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے دورافتادہ علاقوں تک صحت اور تعلیم کی سہولیات پہنچانا ہوں گی۔

صدر مملکت کو دیامیر بھاشا ڈیم پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیم سے ساڑھے چار ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور ساڑھے سولہ ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی۔ یہ منصوبہ ساڑھے 8 سال کی مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے گلگت بلتستان میں زراعت کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی کا دور شروع ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More