وزیر اعظم نے ٹیسٹ کپتان اظہر علی کو برطرف کرنے کی ہدایت کر دی

بول نیوز  |  Sep 18, 2020

وزیراعظم  عمران خان نے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو برطرف کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق   وزیر اعظم عمران خان دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان کی شکست پر نالاں ہیں۔ پاکستان مانچسٹر ٹیسٹ میں مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باوجود میچ ہار گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے۔  میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان کے لیے دیگر نام زیر غور لائے جائیں گے۔ اس حوالے سے پی سی بی کی جانب سے جلد اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ٹیسٹ میچوں میں سے صرف ایک میچ نتیجہ خیز ثابت ہوا تھا۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں پاکستان فتح کی پوزیشن میں تھا، تاہم ناقص کپتانی اور گیند بازی کی وجہ سے انگلینڈ کے نچلے نمبرز کے بلے باز مشکل ہدف حاصل کر کے پاکستان کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More