توہین آمیز خاکوں کے خلاف کویت قطر سمیت سعودی عرب میں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ

نیو  |  Oct 26, 2020

کویت : فرانس میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر مبنی خاکوں کی ایک مرتبہ پھر تشہیر پر کویت میں سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ 

کویتی پرچون فروشوں نے فرانسیسی مصنوعات کا اجتماعی بائیکاٹ کردیا ہے اور انھوں نے اپنی دکانوں اور سپر سٹورز سے فرانسیسی اشیاء ہٹا دی ہیں۔

کویت کی غیر سرکاری صارفین کوآپریٹو سوسائٹیز کی یونین نے جمعہ کو فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کے لیے ایک باضابطہ سرکلر جاری کیا تھا۔اس یونین میں کویت کی 70 سے زیادہ تنظیمیں شامل ہیں۔

اس کی اپیل پر دکانداروں نے اپنی دکانوں اور سپرسٹورز سے فرانسیسی کمپنیوں کی ساختہ مصنوعات بالخصوص بالوں اور چہرے کے تحفظ اور خوب صورتی کے لیے اشیاء کو شیلفوں سے ہٹا دیا ہے۔

یونین کے سربراہ فہدالکشتی نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ تمام فرانسیسی مصنوعات کو تمام صارف کوآپریٹو سوسائٹیوں سے ہٹادیا گیا ہے۔

یہ آزادانہ فیصلہ فرانس میں پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی باربار توہین کے ردعمل میں کیا گیا ہے اور اس کا کویتی حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔

ان کوآپریٹو سوسائٹیوں میں بعض کویت شہر کی بڑی مارکیٹوں کے برابر ہیں اور یہ حکومت کی جانب سے دیے جانے والے زر تلافی پرکویتیوں کو ارزاں اشیاء فروخت کرتی ہیں۔

یہ بعض تعلیمی کورسز اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کرتی ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتوار تک اردن اورقطرمیں کچھ سپر مارکیٹس سے فرانسیسی مصنوعات کو ہٹا دیا گیا تھا۔

عرب دنیا کی سب سے بڑی معیشت سعودی عرب میں فرانسیسی سپرمارکیٹ چین کیریفور کے بائیکاٹ سے متعلق ہیش ٹیگ دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کرتا رہا۔ دریں اثنا لیبیا، غزہ اور شمالی شام میں فرانس مخالف مظاہروں کا انعقاد بھی ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More