تینوں فارمیٹ میں کپتانی کا کوئی پریشر نہیں، بابراعظم

ہم نیوز  |  Nov 21, 2020

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ تینوں فارمیٹ میں کپتانی کا کوئی پریشر نہیں ہے، اس کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد اور اظہر علی سے بہت کچھ سیکھا ہے، وائٹ بال کا نائب کپتان رہتے ہوئے بھی سیکھا ہے۔میں بیٹنگ اور کپتانی میں پوری ذمہ داری لیتا ہوں اور پریشر میں ہی کھیلنے کا مزہ آتا ہے ۔

ٹیم میں گروپنگ کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، سب کھلاڑی بہت اچھے ہیں، ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہیں، ہم بحثیت ٹیم گروپ ہوتے ہیں، گروپنگ والی بات نہیں ہے، سب اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز آسان نہیں ہوگی لیکن ٹیم کے تمام کھلاڑی بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے مثبت نتائج لانے کی پوری کوشش کریں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کا دورہ بہت اہم ہے ،نیوزی لینڈ کی ٹیم کی اچھی کارکردگی ہے لیکن ہماری ٹیم کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے خلاف اچھا رہا ہے۔ ہم نے انگلینڈ میں بھی اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ۔پوری امید ہے کہ ہم نیوزی لینڈ میں بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پرفارمنس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے اور نئی ذمہ داریوں کا پریشر نہیں، کھیلتے ہوئے انجوائے کرتا ہوں جب کہ بیٹنگ کا اضافی دبا ئو نہیں، ہر اننگز چیلنج سمجھ کر کھیلتا ہوں۔

کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ ہم سب کے لیے امتحان ہوگا، ہم مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جب کہ ہماری ٹیم کا کمبی نیشن زبردست ہے اور سیریز جیت کر لوٹنے کی کوشش کریں گے، نیوزی لینڈ آسان حریف نہیں تاہم اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں بھی بڑی اننگز کھیلنے کی پوری کوشش کروں گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More