تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کا انتخابی معرکہ 9 نشتیں جیت لیا

العربیہ  |  Nov 21, 2020

پاکستان کے زیر انتظام گلگت بلتستان کے انتخابات میں تمام نشستوں کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے۔ تحریک انصاف 9 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پیپلز پارٹی 4 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور (ن) لیگ دو نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، 7 نشستوں پر آزاد امیدوار فتح یاب ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل گزشتہ روز صبح 8 بجے شروع ہوا تھا جو شام 5 بجے تک پر امن طریقے سے بلا تعطل جاری رہا تھا۔ سرد موسم میں بھی لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے قطار میں کھڑے نظر آئے۔

انتخابات میں تمام 23 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 9 نشستوں پر تحریک انصاف کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کو 4، مسلم لیگ (ن) کو دو اور ایم ڈبلیو ایم کو ایک نشست ملی جبکہ 7 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ نتائج آنے پر گلگت کے مختلف مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی گئی اور متوقع فتح یاب امیدواروں کے کارکنوں نے جشن منایا۔

جی بی اے 7 اسکردو سے گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلی اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سید مہدی علی شاہ کو پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجا محمد زکریا نے شکست دے دی۔ جی بی اے 7 اسکردو کے 30 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے راجا محمد زکریا خان نے 5290 ووٹ حاصل کیے جب کہ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ 4114 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

گلگت بلتستان کے انتخابات میں تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی سمیت کئی جماعتیں مدمقابل ہیں تاہم پی ٹی آئی، (ن) لیگ اور پی پی میں کاٹنے کا مقابلہ ہوا جب کہ آزاد امیدواروں نے بھی قسمت آزمائی اور ان کا پلڑا بھاری رہا۔

گلگت بلتستان میں 10 اضلاع میں ایک ہزار 161 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جن میں سے 418 اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 311 کو حساس قرار دیا گیا۔ امن وامان قائم رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 15 ہزار 900 سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے۔

کرونا وبا کے باعث پریذائیڈنگ آفیسرز کو پولنگ سامان کے ساتھ کرونا سے بچاؤ کے لیے ماسک اور ہینڈ سینی ٹائزر بھی خصوصی طور پر فراہم کیے گئے۔

کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 45 ہزار 361 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 53 ہزار اور خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 40 ہزار ہے۔ خواتین ووٹرز نے بڑی تعداد میں پولنگ میں حصہ لیا۔

چلاس میں گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ 18 تانگیر میں پولنگ کے دوران فرائض سر انجام دینے والا پولیس اہل کار دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے گلگت بلتستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کامیاب ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کا دن پرامن رہا اور اس سے قبل 52 دنوں پر محیط انتخابی مہم بھی پر امن رہی۔ یہ گلگت بلتستان کے تاریخی پُر امن انتخابات تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More