چکوال میں نیامیڈیکل کالج بنانے کا عزم رکھتے ہیں، یاسمین راشد

بول نیوز  |  Nov 22, 2020

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ چکوال میں نیامیڈیکل کالج بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے چکوال میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ چکوال میں انسٹی ٹیوٹ آف مڈوائفری اور سکول آف نرسنگ کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ پنجاب کے52لاکھ خاندانوں میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرچکے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں جبکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس سے بچنے کیلئے عوام کو احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمد کرنا چاہئے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے انسانی ہمدردی کے تحت نواز شریف کوبیرون ملک علاج کیلئے جانے دیا۔

صوبائی وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں جبکہ نواز شریف نے دس ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک علاج نہیں کروایا۔

 ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ نیب نواز شریف کی حکومت نے بنایا اور نواز شریف کو ہم نے نہیں عدالت نے سزادی ہے جبکہ نواز شریف ہماری نہیں اپنی حکومت میں نااہل ہوئے تھے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام سے جھوٹے وعدے نہیں بلکہ عملی خدمت پریقین رکھتی ہے۔

اس موقع پر نومنتخب صدر پی ایم اے پنجاب کرنل(ر)ڈاکٹرغلام شبیر،ڈاکٹراشرف نظامی،مختلف اضلاع سے صدور ودیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More