وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر خیبرپختونخوا میں پولیو مہم کا افتتاح کردیا

اے پی پی  |  Nov 29, 2020

پشاور۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے بچے کو پولیو کے قطرے پلاکر خیبر پختونخوا میں 5روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اتوار کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک تقریب کاانعقادکیاگیاجس میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا، اطلاعات اور اعلی تعلیم کیلئے وزیراعلی کے مشیر کامران بنگش، اسمبلی کی رکن ڈاکٹر عائشہ بانو، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر، صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط، عالمی ادارہ اطفال(یونیسیف)کے اینڈریو، ڈبلیوایچ او کے گیڈی محمد، محکمہ صحت، ای پی آئی اور معاون اداروں کے اعلی حکام بھی اس موقع پرموجودتھے۔صوبہ بھر میں 5روز تک جاری رہنے والی اس انسداد پولیومہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 64لاکھ 1ہزار575بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائے جائیں گے ۔مہم کے لئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جس کے تحت مہم کے لئے مجموعی طور پر تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل28683 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 25579موبائل ٹیمیں، 1868فکسڈ ٹیمیں،1106 ٹرانزٹ ٹیمیں اور130ومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کیلئے 6991 سپروائزرتعینات کئے گئے ہیں، پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے تعاون سے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔انسدادپولیو مہم کی افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعظم عمران کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے کہا کہ اس وقت جب دنیا کے دیگر تمام ممالک نے اپنے ہاں سے پولیو کا کامیابی سے خاتمہ کرلیا ہے پاکستان اور افغانستان میں اب بھی ہرسال درجنوں بچے پولیو کے ہاتھوں عمر بھر کی معذوری سے دوچار ہورہے ہیں جس کے باعث نہ صرف ہمارے بچے غیرمحفوظ ہیں بلکہ عالمی برادری میں وطن عزیز کا وقار بھی متاثر ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بناناایک مقدس قومی فریضہ اور ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس موذی مرض کے مکمل خاتمہ کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق انتھک کوششیں کی جارہی ہیں جن کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے تمام افراد بالخصوص والدین پولیو مہمات کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلانے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ دیگر تمام ممالک کی طرح پاکستان بھی پولیو فری قرار پائے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پولیو ویکسین ہر لحاظ سے محفوظ اور مضر اثرات سے پاک ہے اسی ویکیسن کے ذریعے دنیا کے باقی تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ کیا جا چکا ہے والدین پولیو ویکسین کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔ اس موقع پر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے تقریب میں شریک مہمانوں اور میڈیا کے نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا بچوں کو پولیو سے محفوظ کرنے کے لئے معاشرے اور بالخصوص والدین میں شعور اجاگر کرنے اور آگاہی پھیلانے میں جو کردار ادا کررہا ہے وہ قابل قدرہے۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ای او سی خیبرپختونخوا کے زیراہتمام خیبرپختونخوا حکومت معاون اداروں، میڈیا اور معاشرے کے تمام طبقات کے تعاون سے پولیو کے خاتمہ کی جو قابل قدر کاوشیں کررہی ہے اس کے نتیجہ میں بہت جلد خطہ سے پولیو کا مکمل خاتمہ کردیاجائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More