کراچی: شہر بھر کی چورنگیوں کے الاٹمنٹ آرڈرز منسوخ

سماء نیوز  |  Dec 01, 2020

کراچی شہر کی تمام چورنگیوں پر تشہیر کیلئے جاری الاٹمنٹ آرڈرز فوری طور پر منسوخ کردیئے گئے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایت کے مطابق پبلک مقامات پر تشہیری مہم نہیں چلائی جاسکتی۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام چورنگیوں پر اشتہارات کیلئے جاری الاٹمنٹ آرڈرز فوری طور پر منسوخ کردیئے۔ ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کسی بھی پبلک مقام پر تشہیری مہم نہیں چلائی جاسکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چورنگیوں کے الاٹمنٹ آرڈرز کی منسوٰ کا اطلاق شہر بھر کی تمام میونسپل کارپوریشنز پر بھی ہوگا، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام چورنگیوں سے تجاوزات، اشتہاری بورڈ اور ناموں کی تختیوں کو ہٹانے کی کارروائی فوری شروع کی جائے۔

افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ آئندہ سے تمام چورنگیاں سالانہ بنیاد پر کمرشل اور ایڈورٹائزنگ کے موجودہ ریٹ کے لحاظ سے نیلام کی جائیں گی، کمرشل ادارے اور کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر قوانین کے مطابق کریں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مزید کہا کہ جگہ جگہ مختلف اداروں کے اشتہارات اور تشہیری مواد کے باعث شہر کا حلیہ بگڑ کر رہ گیا ہے، تمام ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز اینٹی انکروچمنٹ کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی چالان آئندہ جاری نہیں کریں گی، اینٹی انکروچمنٹ سے متعلق ہر قسم کے چالان پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے، آج کے بعد اگر کسی افسر نے اینٹی انکروچمنٹ سے متعلق چالان جاری کیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More