پی ڈی ایم میں اتحاد و اتفاق برقرار ہے ،حکومت کو گھر بھیجنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ آصف علی زرداری

روزنامہ اوصاف  |  Jan 24, 2021

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھاپی ڈی ایم میں اتحاد و اتفاق برقرار ہے ،حکومت کو گھر بھیجنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک شدید خطرات میں ہے حکمران کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہو چکا ہے، پی ڈی ایم متحد ہے، حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑے حادثے کا شکار ہو سکتا ہے، حکمرانوں کو اب مزید کرونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ یہ ویکسین خرید سکے نہ ہی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے علاوہ یہ کورونا میں عوام کی مدد کر سکے۔آصف زرداری نےمزید کہا کہ ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 ارب سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا، ملازمین کی 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں، سرکاری ملازمین کی پینشن میں 100 فیصد اضافہ کیا، لیکن اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیئے۔سابق صدر نے مزید کہا کہ میں نے پہلے کہا تھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے،  اب یہ گر چکے ہیں، بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اس ناکام اور ناہل ٹولے کو گھر بھیجے گی۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More