شبنم وہ پہلی خاتون ہوگی جو 1947 کے بعد تختہ دار پر لٹکے گی،خاتون کا جرم کیا ہے؟

روزنامہ اوصاف  |  Feb 18, 2021

اسلام آباد(نیو زڈیسک)بھارت میں آزادی کے بعد اپنے گھر کے سات افراد کو قتل کرنے والی خاتون شبنم کو پھانسی دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔آزادی کے بعد ایسا پہلی بار ہوگا کہ بھارت میں کسی خاتون کو پھانسی لگائی جائے گی۔ آزادی کے بعد بھارت میں آج تک کسی خاتون کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا، اپنے اہلخانہ کو قتل کرنے والی شبنم وہ پہلی خاتون ہوگی جو 1947 کے بعدتختہ دار پر لٹکے گی شبنم پر اپنے خاندان کے افراد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہوا ہے، اس نے یہ جرم اپنے آشنا کے ساتھ مل کر انجام دیا تھا۔امروہہ کی رہائشی شبنم نامی خاتون نے اپنے آشنا سلیم کے ساتھ مل کر 2008 میں گھر کے سات افراد کو کلہاڑی کے وار کرکے قتل کیا تھا۔عدالت نے مجرمہ کو پھانسی کی سزا سنائی جس کے بعد اپیلوں کا سلسلہ شروع ہوا، سپریم کورٹ سے اپیل خارج ہونے کے بعد صدر نے بھی شبنم کی رحم کی اپیل خارج کردی جس کے بعد متھرا جیل میں خاتون کو پھانسی دینے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔شبنم اس وقت رامپور ڈسٹرکٹ جیل میں قید ہے جبکہ قتل میں اس کا ساتھ دینے والا سلیم آگرہ جیل میں قید ہے۔رامپور ڈسٹرکٹ جیل کے جیلر راکیش کمار ورما کا کہنا ہے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے پھانسی دیے جانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں2008 میں وقوع پذیر ہونے والے اس ہولناک واقعہ کے متعلق مجرمہ شبنم کے قریبی عزیز ستار علی کا کہنا ہے کہ شبنم کو ہر قیمت پر پھانسی کی سزا ہونی چاہیے کیونکہ اس نے نہایت درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہی خاندان کے سات افراد کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا تھا۔پھانسی دینے والے جلاد پون سنگھ دو بار پھانسی گھاٹ کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لے چکا ہے، ان کا خاندان کئی نسلوں سے جلاد کا کام کر رہا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ڈیتھ وارنٹ جاری ہوں گے مجرمہ کو پھانسی پر لٹکادیا جائے گا۔
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More