تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشی عمل تیز ہوگا، وزیراعظم

بول نیوز  |  Feb 25, 2021

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشی عمل تیز ہوگا جبکہ صوبے کی عوام کو نوکریوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی برائے ہاؤسنگ ، کنسٹرکشن و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور مختلف منصوبوں کی منظوریوں کے عمل میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ وزیرِ اعظم کو وفاقی دارالحکومت میں جاری مختلف تعمیراتی منصوبوں پر عملی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں چئیرمین سی ڈی اے کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں ون ونڈو آپریشن پر بریفنگ دی گئی جبکہ اراضیوں کے حوالے سے تمام معاملات کو ڈیجیٹل کیے جانے اور تعمیراتی منصوبوں کی منظوریوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن کی آٹومیشن کے حوالے سے کیس ٹریکنگ اینڈ منیجمنٹ سسٹم تشکیل دیا جا چکا ہے جبکہ جائیدادوں کے انتقال اور تصدیق کے عمل کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے دوران یہ بھی کہا گیا کہ جائیدادوں و املاک کی خرید اری کے حوالے سے سی  ڈی اے کی جانب سے آن لائن پیمنٹ کا نظام متعارف کرایا جا چکا ہےجبکہ یکم جنوری سے اب تک  403تعمیراتی منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے

چیئرمین سی ڈی اے نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ سی ڈی اے کو 735.5 ملین روپوں کی آمدنی ہوئی جبکہ آمدنی کے علاوہ ان منظور شدہ منصوبوں پر کام کا اجرا ہونے سے اربوں روپوں کی معاشی سرگرمی پیدا ہوگی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے اخوت کو پانچ ارب روپے فراہم کیے گئے تھے لیکن اس منصوبے کی کامیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے  حکومت نے اخوت کو مزید پانچ ارب روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اخوت حکام کی جانب سے کہا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے ان کو مزیددو ارب روپے درکار ہیں، یہ رقم حکومت کی جانب سے فراہم کر دی جائے گی جبکہ اخوت منصوبے کے تحت اس سال کے آخر تک 16000 گھروں کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔

چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے تعمیراتی منصوبوں کی منظوریوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ سندھ میں کم و بیش 258منصوبے منظوریوں کے منتظر ہیں، وفاقی حکومت زیر التوا منصوبوں کی منظوریوں کے عمل کو تیز کروانے کے حوالے سے معاونت فراہم کرے۔

 اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت دی کہ زیر التوا منظوریوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے فروغ سے معاشی عمل تیز ہوگا جبکہ  صوبے کی عوام کو نوکریوں اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے لہذا اس پر خصوصی توجہ دی جائے

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام اور کورونا وبا کے اثرات سے بحالی کے لئے تعمیراتی شعبے کا فروغ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ منظوریوں کے عمل پر مسلسل نظر رکھی جائے اور یہ عمل کسی بھی قسم کی تاخیر کا شکار نہ ہو۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئی سوسائٹیوں اور تعمیراتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ موجودہ غیر منظور شدہ یا غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے بھی مستقبل کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کو منظور شدہ سوسائٹیوں کی تمام تر تفصیل آن لائن فراہم کرنے کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر انھوں نے کہا کہ منظور شدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز  منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائیٹیز و تعمیراتی منصوبوں کی تمام تر تفصیلات کی آن لائن اور ویب سائٹس پر فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ عوام الناس اور خصوصا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کسی بھی دھوکے یا فراڈ سے بچایا جا سکے۔

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More