سینیٹ الیکشن سے چند گھنٹے پہلے ’ایک اور متنازع ویڈیو‘

اردو نیوز  |  Mar 02, 2021

پاکستان کے ایوان بالا کے انتخاب میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں لیکن اس سے جڑے تنازعات ابھی ختم  ہونے کا نام نہیں لے ہے اور اب ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینلز پر منظر عام پر آئی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینلز پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کلپ کو سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی سے منسوب کیا ہے۔ 

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مطالبہ کہا کہ یوسف رضا گیلانی اب سینیٹ کے حق دار نہیں رہے، ان کو دستبردار ہو جانا چاہیے۔

شہباز گل کی پریس کانفرنس کے فوری بعد علی حیدر گیلانی  نے پریس کانفرنس میں شہباز گل کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اپنے والد کے ووٹ مانگنا ان کا حق ہے اور کسی طور پر بھی ووٹوں کی خریدو فروخت نہیں کی ہے۔ 

ایک دن پہلے پیر کو تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے تین اراکین سندھ اسمبلی  اتوار کی شام سے لاپتہ ہیں۔

پریس کانفرنس کے فوری بعد پی ٹی آئی کے گھوٹکی سے رکن اسمبلی شہریار خان کا ایک وڈیو بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے واضح کیا کہ جن ممبران کے اغوا ہونے کی بات ہو رہی ہے ان میں وہ بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کی آٹھ تاریخ کو خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی کی ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی تھی جو 2018 میں ہونے والے سینیٹ الیکشن سے چند روز قبل کی تھی، ویڈیو میں بعض ارکان رقم وصول کر رہے تھے، اس میں پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی کے ارکان واضح دکھائی دیے۔

ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد خان سے استعفیٰ لے لیا تھا۔

اس کے ساتھ حکومت کی جانب سے اوپن بیلٹ پر سینیٹ انتخابات کرائے جانے کا مطالبہ سامنے آیا اور اس حوالے سے صدر مملکت کی جانب سے ریفرنس بھی بھجوایا گیا تاہم دوسری جانب اپوزیشن خفیہ بیلٹ پر ہی بضد رہی۔

یہ معاملہ عدالت میں بھی گیا اور ایک روز قبل تک لگ رہا تھا کہ ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی کہ یہ دیکھا جا سکے گا کہ کس رکن کے ووٹ کس کو دیا، لیکن آج ہی الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وقت کی کمی کے باعث پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی سینیٹ الیکشن کرائے جائیں گے۔

اس وقت ویڈیو کے حوالے سے سوشل میڈیا پر صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More