اسپیکر اسد قیصر کا دورہ کابل ملتوی ہوگیا

سماء نیوز  |  Apr 08, 2021

ٹوئٹر: بشکریہ فرح ناز

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی قیادت میں کابل جانے والے وفد کا دورہ ملتوی کردیا گیا۔

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان کے مطابق طیارے کے کابل ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے پہلے کنٹرول ٹاور نے ایئرپورٹ بندش سے آگاہ کیا۔ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان دونوں ممالک کی مشاورت سے دوبارہ کیا جائے گا۔

پارلیمانی وفد میں نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان، رکن پارلیمان غلام مصطفیٰ شاہ، ساجد خان، رانا تنویر، گل داد خان، شیخ یعقوب اور شاندانہ گلزار شامل تھے۔

پاکستان وفد کو 8 سے 11 اپریل تک افغانستان کا دورہ کرنا تھا۔ اس دوران وفد کی افغان صدر اشرف غنی، وزیر خارجہ اور افغان پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقاتیں بھی شیڈول تھیں۔

ملاقاتوں میں افغانستان کے ساتھ پاکستانی برآمدات وتجارت بڑھانے پر بات ہونا تھی اور افغان سرمایہ کاروں کو رشکئی اکنامک زون میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی سے متعلق امور زیر بحث آنا تھے۔

کابل ایئر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سیکيورٹی وجوہات کی بنا پر کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ بند ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پارلیمانی وفد کے دورہ کابل کے موقع پر افغان دارالحکومت کی سڑکوں کو پاکستانی جھنڈوں اور اسپیکر اسد قیصر کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More