امریکہ میں کرونا کی برطانوی قسم سب سے زیادہ عام ہے، سی ڈی سی

وائس آف امریکہ اردو  |  Apr 08, 2021

ویب ڈیسک — امریکہ میں وبائی امراض کو کنٹرول کرنے والے ادارے (سی ڈی سی) نے بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکہ میں اس وقت برطانیہ میں سب سے پہلے دریافت ہونے والی کرونا وائرس کی قسم سب سے زیادہ عام ہے۔

وائٹ ہاؤس میں کرونا وائرس کی رسپانس ٹیم کی بریفنگ کے دوران کی سی ڈی سی کی ڈائریکٹر روشیل ولنسکی نے کہا کہ کرونا وائرس کی یہ نئی قسم نوجوان امریکیوں میں انتہائی متعدی ہے جس کی وجہ سے پچھلے کئی ہفتوں میں تیزی سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

سی ڈی سی کی ڈائریکٹر نے تازہ ترین اعداد و شمار پیش کئے جن کے مطابق پچھلے ایک ہفتے میں امریکہ میں روزانہ 2.3 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 62 ہزار 878 کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

ان کے مطابق ڈے کئیر سینٹروں اور نوجوانوں کے سپورٹس سینٹروں کے گرد زیادہ تعداد میں کیسز کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

امریکہ میں ہسپتالوں میں ایڈمشن کی تعداد میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ولنسکی کا کافی تعداد میںہے کہ اس وقت ان کے مشاہدے میں آ رہا ہے کہ 30 اور 40 کی عمر کے افراد زیادہ تعداد میں شدید نوعیت کے کیسز کے ساتھ ہسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ امریکہ میں روزانہ 30 لاکھ افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے لیکن وائرس کے تیزی سے پھیلنے سے یہ اچھی خبر ماند پڑ رہی ہے۔

انہوں نے جہاں ویکسی نیشن پروگرام کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا وہیں ان کا کہنا تھا کہ آبادیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے آبادیوں کو اپنی ضروریات کے مطابق تبدیلیاں کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں وبا کا زور زیادہ ہے انہیں چاہئے کہ وہ اِن ڈور کھیلوں سے اجتناب کریں اور دوسرے ضروری کام چھ فٹ کی دوری اختیار کرتے ہوئے کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے اجتماعات سے پرہیز کیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More