موٹرولا کے موٹو جی سیریز کے 2 نئے فونز متعارف

بول نیوز  |  Apr 21, 2021

موٹرولا نے موٹو جی سیریز کے 2 نئے اسمارٹ فونز متعارف کرادیئے ہیں جن میں ایک اس سیریز کا پہلا 108 میگا پکسل کیمرا فون بھی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق موٹو جی 60 اور موٹو جی 40 فیوژن کو سب سے پہلے بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

ان دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 732 جی پراسیسر دیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں 6.8 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

دونوں موٹو جی فونز میں اینڈرائیڈ 11 کا امتزاج کمپنی نے اپنے مائی یو ایکس سے کیا ہے۔

دونوں فونز میں 6000 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری موجود ہے۔

اگر یہ کہا جئے تو غلط نہیں ہوگا کہ دونوں فونز کافی حد تک ایک جیسے ہی ہیں اور ان میں بڑا فرق کیمرا سسٹم کا ہے۔

موٹو جی 60 کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 108 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔

اس کے مقابلے میں جی 40 میں بھی بیک پر 3 کیمرے ہی موجود ہیں مگر اس کا مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جبکہ باقی دونوں کیمرے جی 60 جیسے ہی ہیں۔

 

جی 40 میں 4 سے 6 جی بی ریم اور 64 سے 128 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہیں جبکہ جی 60 میں 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

دونوں فونز میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سپورٹ موجود ہے جبکہ پی 2 آئی واٹر ریپلینٹ کوٹنگ کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ یہ دونوں فونز اپریل کے آخر یا مئی کے آغاز میں صارفین کو دستیاب ہوں گے، جی 60 کو خریدنے کے لیے صارفٓین کو 240 ڈالرز (36 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) خرچ کرنا ہوں گے۔

جی 40 فیوژن کی قیمت 186 ڈالرز (28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

 

-->
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More