کوئٹہ: سرینا ہوٹل میں دھماکا، 3افراد جاں بحق، 13زخمی، پولیس

سماء نیوز  |  Apr 21, 2021

کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر سرینا ہوٹل میں زور دار دھماکے میں 3 شخص جاں بحق اور کم از کم 11 زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ریسکیو ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔

پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جناح روڈ پر سرینا ہوٹل میں زور دار دھماکے کے بعد فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا کوئٹہ کے سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 2 سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔

سول اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے 9 زخمیوں کو اسپتال لایا گیا، جن میں 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

ایم ایس سول اسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے دھماکے کے بعد ایمرجنسی نافذ کرکے تمام طبی عملے کو طلب کرلیا۔

سماء ٹی وی کو موصول وڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے کے مقام پر گاڑیوں میں آگ بھی لگی ہوئی ہے، تاحال دھماکے کی نوعیت کا علم نہیں ہوسکا۔

دھماکے کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے کے مقام سے سیاہ دھواں اٹھتا بھی دور دور تک نظر آرہا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More